Loading
مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت آج شام یا رات سے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرچ چمک بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے 11 ستمبر تک کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی و موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، بارش سے قبل شہر کا موسم مرطوب اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں متوقع ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 85 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب، محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں موسمی نظام موجود ہے جس کے زیر اثر عمرکوٹ، سانگھڑ، تھر پارکر، اسلام کوٹ، نگر پارکر، چھاچھرو، مٹھی، میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور آندھی کی بھی توقع ہے لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسمی سرگرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل