Monday, September 08, 2025
 

لندن کی سڑکوں پر فلسطین کے حق میں ہزاروں افراد کا احتجاج

 



لندن: فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے لندن کی سڑکوں پر احتجاج کیا اور پارلیمنٹ اسکوائر تک ریلی نکالی۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کی جائے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے۔  اس دوران پولیس نے فلسطین ایکشن تنظیم کے کارکنوں سمیت کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ برطانیہ نے دو ماہ قبل اس تنظیم پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی لگائی تھی۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں۔ آج صبح سے اب تک مزید 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ قحط اور بھوک کی شدت سے 24 گھنٹوں کے دوران 6 افراد دم توڑ گئے۔ عالمی تنظیم "سیو دی چلڈرن" کے مطابق گزشتہ 23 ماہ میں اسرائیلی جارحیت کے دوران اوسطاً ہر گھنٹے ایک فلسطینی بچہ شہید ہوا۔ غزہ حکومت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 20 ہزار بچے جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں ایک ہزار بچے ایک سال سے کم عمر کے تھے۔ یونیسف نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں تباہی اور بچوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے خان یونس کے قریب المواسی کیمپ میں جبری بے دخلی کے منصوبے سے تقریباً 10 لاکھ افراد متاثر ہوسکتے ہیں جن میں نصف بچے شامل ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل