Tuesday, September 09, 2025
 

ایک ٹرافی 8 دعویدار، کس کا چلے گا وار

 



ایک ٹرافی 8 دعویدار، کس کا چلے گا وار، ٹیمیں ایشیا کپ میں مقابلے کیلیے تیار ہیں، میلہ منگل سے متحدہ عرب امارات میں سجے گا، افتتاحی میچ میں افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ابوظبی اسٹیڈیم پر مقابل ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز منگل کو ہو رہا ہے، کپتانوں کی میڈیا کانفرنس اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن صبح ساڑھے گیارہ بجے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اسی روز ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا ،ٹورنامنٹ میں سب کی نظریں پاکستان اور بھارت کے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، دونوں ٹیمیں گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آئیں گی۔  بھارت اپنی مہم کا آغاز 10 ستمبر کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گا،گرین شرٹس کا ابتدائی مقابلہ عمان کے خلاف 12 ستمبر کو شیڈول ہے،ایشیا کپ کا سب سے بڑا معرکہ 14ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ادھرپاکستان کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹرائنگولر سیریز کی طرح ایشیا کپ میں بھی پلیئرزسے بہترین کارکردگی کے لیے پْرامید ہیں،انھوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جا سکتا، ہماری پہلی ترجیح سپر فور میں کوالیفائی کرنا ہے، بعدازاں بہترین پرفارمنس سے مزید آگے بڑھنے کی کوشش ہوگی۔ انھوں نے کہ رواں سال ٹیم نے 14 میں سے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کامیابی حاصل کی ،اس میں ٹرئنگولر سیریز فائنل میں افغانستان کو شکست دینا بھی شامل ہے۔ کوچ نے محمد نواز کی حالیہ بہترین کارکردگی، فخرزمان کی صحتیابی کے بعد بہتر فارم اور ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں تجربے کو بھی اہم قرار دیا۔ ہیسن نے کہا کہ دبئی اور ابوظبی کی کنڈیشنز شارجہ سے مختلف ہیں، ٹرائنگولر سیریز میں ہم نے 5 اسپنرز کھلائے ، کنڈیشنز اس کی اجازت بھی دیتی تھیں لیکن ہمارے پاس 5 بہت اچھے پیسرز بھی موجود ہیں ، ہم کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کا انتخاب کریں گے۔  انھوں نے ٹرائنگولر سیریز میں 4 مختلف پچز پر اچھی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فائنل میں بیٹنگ اور بولنگ میں بہترکھیل کو سراہا۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کے میچز دبئی اور ابوظبی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے ، ایونٹ2016 اور 2022 کی طرز پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔  پاکستان گروپ اے میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ موجودہے ، گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں،دونوں گروپس سے 2،2 ٹیمیں سپر فور میں پہنچیں گی، فائنل 28 ستمبر کو رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان نے ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر اعتماد حاصل کرلیا، بھارت عالمی چیمپئن ہونے کے ناطے بطورمضبوط امیدوار میدان میں اترے گا۔ سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم میں جسپریت بمرا، ابھیشیک شرما، تلک ورما اور ٹیسٹ کپتان شبمن گل جیسے بہترین بیٹرز شامل ہیں۔ افغانستان کی ٹیم کو حالیہ فائنل میں پاکستان کے خلاف شکست ہوئی،البتہ کپتان راشد خان کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ ہمارے لیے مفید ثابت ہوگا ، ہم اسپنرز کے ذریعے مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے،ایشیا کپ اگلے سال شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اہم ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل