Loading
ہزارہ موٹروے (ایکسپریس وے) پر شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب ٹرالر اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں گلگت سے راولپنڈی آنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 ہری پور کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر ایک تیز رفتار ٹرالر نے غفلت اور لاپرواہی سے کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے باعث کار آگے کھڑے ایک اور ٹرالر سے جا ٹکرائی اور بری طرح پچک گئی۔ حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین شدید زخمی افراد نے بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں اور موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حویلیاں منتقل کر دیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت میں 39 سالہ رضا سلیم کا نام بھی شامل ہے، جبکہ تمام افراد کا تعلق گلگت سے تھا اور وہ اسلام آباد کی جانب سفر کر رہے تھے۔ موٹروے پولیس کے مطابق، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کر کے ٹرالر ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ہزارہ موٹروے پر ٹریفک کی روانی کچھ دیر کے لیے متاثر رہی، تاہم انتظامیہ نے راستہ کلیئر کرا دیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل