Saturday, September 13, 2025
 

کراچی: عباسی اسپتال میں خواتین کیلئے ملک کے پہلے ہیموفیلیا وارڈ کا افتتاح

 



کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں ملک کے پہلے خواتین کے لیے خصوصی ہیموفیلیا وارڈ کا افتتاح کردیا گیا۔ چھ بستروں پر مشتمل وارڈز میں خواتین عملہ ہی کام کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے عباسی شہید اسپتال میں ہیموفیلیا سے متاثرہ خواتین کے لیے چھ بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ کا افتتاح کیا، جہاں صرف خواتین عملہ تعینات ہوگا۔ اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ ہیموفیلیا کے علاج پر ہزاروں، لاکھوں روپے خرچ آتا ہے، اسی لیے چھ ماہ قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں مفت علاج کا آغاز کیا گیا تھا۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ چار ماہ قبل میل وارڈ قائم کیا گیا تھا اور اب خواتین کے لیے بھی خصوصی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جس سے لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں سے آنے والے مریض بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں مفت ٹیسٹ اور گائنی وارڈ کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔ میئر کراچی نے ہیموفیلیا ٹیسٹ کے لیے قانون سازی اور مرض کی آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو فرشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں احتجاج، بینرز اور نعروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جو کام نہیں کرے گا اسے گھر جانا ہوگا۔ مرتضیٰ وہاب نے بعض عناصر پر الزام لگایا کہ وہ روزانہ صبح گیارہ بجے منافقت پر مبنی جھوٹ پھیلاتے ہیں، جس کا اب جواب دیا جائے گا۔ شہر کی سڑکوں اور نالوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے ساتھ اتفاق رائے سے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن بعض اوقات عدالتی احکامات حکومتی اقدامات میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے قبل سڑکیں ادھیڑ کر چھوڑ دینا عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنا۔ تاہم، سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ٹاؤن انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریب کے اختتام جب میڈیا نمائندگان لفٹ کے ذریعے چوتھی منزل سے نیچے آرہے تھے تو لفٹ خراب ہوگئی۔ لفٹ نے اچانک جھٹکا دیا اور دوسری سے پہلی منزل تک گرگئی۔ تقریباً چار منٹ تک صحافی لفٹ میں پھنسے رہے۔ تاہم، اسپتال انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دروازہ کھول کر سب کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل