Saturday, September 13, 2025
 

لوئر دیر میں یرغمال بنائے شہریوں کو چھڑانے کا آپریشن، 10 خوارج ہلاک، 7 جوان شہید

 



سیکیورٹی فورسز کے لوئر دیر میں آپریشن کے دوران بھارت نواز 10 خوارج مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 7 جوان دھرتی پر قربان ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11 ستمبر 2025ء کو سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے لعل قلعہ میدان میں بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی سرپرست خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران پاک دھرتی کے 7 بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہمارے یہ جانباز جوان بھارتی سرپرست خوارج کے قبضے میں یرغمال بنائے گئے معصوم شہریوں کی جان بچا رہے تھے، انٹیلی جنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست ملوث  تھے، پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی، اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل