Sunday, September 14, 2025
 

راولپنڈی؛ گھریلو جھگڑے پر دیورانی نے مبینہ طور پر جٹھانی کو آگ لگا کر قتل کر دیا

 



تھانہ دھمیال کے علاقے قائد اعظم کالونی میں گھریلو جھگڑے نے افسوسناک شکل اختیار کرلی، مبینہ طور پر چھوٹے بھائی کی اہلیہ نے بڑے بھائی کی اہلیہ کو آگ لگا کر قتل کر دیا۔ ابتدائی طور پر واقعے کو کمپریسر پھٹنے کے باعث آگ لگنے کا معاملہ قرار دیا گیا، تاہم مقتولہ کے بیٹے کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر اور بیٹی کے بیان کے بعد ہوش ربا انکشافات سامنے آئے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون شازیہ فاروق کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ ایک دن بعد دم توڑ گئی۔ مقتولہ کے بیٹے شبیر بھٹی کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ گھر کے تمام اخراجات والد اٹھاتے اور اکثر جھگڑا رہتا، ان ہی گھریلو ناچاقیوں پر قوی یقین ہے کہ مبینہ طور پر چاچی حاجرہ عدیل نے والدہ کو آگ لگائی۔ ایف آئی آر کے متن اور مقتولہ کی بیٹی ڈاکٹر نمرہ کے بیان کے مطابق واقعے کے روز ملزمہ نے مقتولہ اور اس کی بیٹی سے جھگڑا بھی کیا اور دھمکیاں دیں، بعد ازاں اہلِ محلہ کے اطلاع دینے پر گھر کا دروازہ کھلوایا گیا تو شازیہ فاروق جلی ہوئی حالت میں ملی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، کچن اور دیگر کمرے درست حالت میں پائے گئے جبکہ صرف ڈیوڑھی میں آگ کے نشانات ملے۔ ابتدائی طور پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم خاتون کے انتقال کے بعد دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل