Friday, November 21, 2025
 

’یہ شادی نہیں ہوسکتی‘؛ پہلی بیوی فلمی انداز میں شوہر کی شادی رکوانے پہنچ گئی

 



بھارت میں ایک شادی کی تقریب اس وقت اچانک فلمی سین میں بدل گئی جب دلہے کی پہلی بیوی ہاتھوں میں تصاویر لیے اسٹیج پر پہنچ گئی اور پورا ہال ساکت رہ گیا۔ واقعہ اترپردیش کے ضلع بستی میں پیش آیا جہاں دوسری شادی کے بندھن میں بندھنے والے نوجوان ونے آنند شرما کو ایسے سرپرائز کا یقیناً اندازہ بھی نہ تھا۔ رپورٹس کے مطابق جے مالا کی رسم مکمل ہوچکی تھی، دلہا آرام سے اسٹیج پر بیٹھا تھا کہ اچانک اُس کی پہلی بیوی ریشما، اپنے اہلخانہ کے ساتھ وہاں پہنچ گئی۔ اسٹیج پر چڑھتے ہی اُس نے باراتیوں کے سامنے اپنی شادی کی تصویریں لہرائیں اور کہا کہ ونے پہلے سے شادی شدہ ہے، اس کے باوجود دوسری شادی کر رہا ہے۔ لمحوں میں ماحول بدل گیا، باراتی حیران، دلہن کا خاندان پریشان اور دلہا سر جھکائے شرمندہ! تفصیلات کے مطابق ریشما اور ونے کا تعلق گجرات کے انکلیشور سے ہے۔ پڑھائی کے دوران دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر محبت نے شادی کا روپ لیا۔ دونوں نے 30 مارچ 2022 کو کورٹ میرج کی، بعد میں دونوں خاندانوں نے مل کر شاندار تقریب بھی رکھی۔ لیکن کچھ ہی عرصے بعد رشتے میں کھچاؤ پیدا ہوا اور معاملہ عدالت تک جاپہنچا، تاہم طلاق ابھی تک نہیں ہوئی تھی۔ ایسے میں ونے کا دوسری شادی کرنا ہندوستان کے قانون کے مطابق بھی درست نہیں تھا۔ صورتحال سنگین ہوتی دیکھ کر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو سمجھایا۔ بعد ازاں دلہے کو تھانے لے جایا گیا تاکہ معاملے کی مکمل قانونی جانچ کی جا سکے۔ پولیس کے مطابق پہلی بیوی نے باقاعدہ درخواست جمع کرائی ہے کہ شوہر طلاق کے فیصلے سے پہلے دوسری شادی کی کوشش کر رہا ہے۔ بات چیت کے بعد فیصلہ ہوا کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے تک شادی کو آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔ یوں ایک تقریب جو خوشیوں کے لیے سجی تھی، پہلی بیوی کی بروقت آمد نے ایک بڑے تنازعے سے بھرپور ڈرامائی موڑ دے دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل