Loading
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزادی عدلیہ کے لیے جدوجہد کررہی ہے، آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا اور بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے، ہم بلال محسود کی فیملی کے ساتھ مرتے دم تک کھڑے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک روز دورہ کراچی میں سہراب گوٹھ پر ریلی کے دوران جاں بحق پی ٹی آئی کے کارکن بلاول محسود کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کراچی کے صدر راجہ اظہر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کے پی کراچی آمد کے بعد ائیرپورٹ سے سہراب گوٹھ قافلے کی شکل میں پہنچے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما کارکنان، پختون کمیونٹی کے مشران اور دیگر موجود تھے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی واحد تحریک اور قومی جماعت ہے، سہراب گوٹھ میں بلال محسود شہید ہوا ہے، پی ٹی آئی کا ہر ورکر ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، پی ٹی آئی کے ورکر عمران خان کی امانت ہیں ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے، آج میرا لیڈر جیل میں ہمیں ورکر کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑنا، اگر ہم نے انہیں بے یارو مدد گار چھوڑا تو قوم ہمیں معاف نہیں کرےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک نظریاتی ورکر بھی اگر تحریک میں کھڑا ہے تو یہ تحریک جاری ہے یہ تحریک کم نہیں پڑے گی مزید بڑھے گی، میں بلاول محسود کی فیملی کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں ہم ہر خوشی اور غم میں ورکر کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ کرے ایسے غم ہمیں نصیب نہ ہوں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ورکر حقیقی آزادی، عدلیہ کی آزادی کے لیے اپنا خون دے رہے ہیں عمران خان نے جو تحریک شروع کی تھی اللہ کرے ہم جلد کامیاب ہوجائیں، پی ٹی آئی سندھ نے بلال محسود کے گھر کی ذمہ داری لے ہے میں اپنے طور پر ان کی ہر ممکن مدد کروں گا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلال محسود کو سلام کو پیش کرتا ہوں، بلال محسود کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، بلال محسود نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی جدوجہد میں اپنی جان دی ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل