Friday, February 13, 2026
 

کراچی میں بے رحم ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

 



اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان دوراج علاج دم توڑگیا۔ 18 سالہ حذیفہ ولد محمد طارق بدھ کو پیرآباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی ڈھائی نمبرکے قریب موبائل فون کے سامان کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ حذیفہ جناح اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول نوجوان قٓصبہ کالونی کا رہائشی تھا۔ ایس ایچ او پیرآباد محمد شہباز نے ایکسپریس کوبتایا کہ مقتول نوجوان نے واردات کے دوران اپنا موبائل فون پھینک دیا تھا جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعے کے بعد مسلح ملزمان پیدل فرار ہو رہے تھے کہ علاقہ مکینوں نے دونوں ڈکیتوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے دونوں ملزمان موسیٰ ولد مومن اورمعراج ولد ابراہیم  کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جن میں ایک طالبہ بھی شامل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل