Saturday, February 14, 2026
 

امریکا کا ایران پر دباؤ بڑھانے کیلیے مشرقِ وسطیٰ میں دنیا کا سب سے بڑا بحری بیڑہ تعینات کرنےکا اعلان

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں دنیا کا سب سے بڑا بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ شمالی کیرولائنا کے ایک فوجی اڈے سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز مشرقِ وسطیٰ بھیج رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے جوہری معاہدہ نہ کیا تو اس بحری بیڑے کی ضرورت پیش آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اپنے مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کیریبین سمندر سے مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے جہاں وہ پہلے سے موجود امریکی جنگی بیڑے میں شامل ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کے ہمراہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز خطے میں تعینات ہیں۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ اعلان اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے جسے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتے ہیں ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی توقع ہے اور اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ایران کے لیے بہت برا ہوگا۔ دوسری جانب خلیجی عرب ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی سے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل