Sunday, March 15, 2026
 

آئی ٹی کورس، طلبہ کا مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دوں گا،عید کے بعد شیڈول کا اعلان کروں گا، کامران ٹیسوری

 



سابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام سرکاری خرچ پر نہیں بلکہ اپنے ذاتی مالی وسائل سے چلارہا تھا اور اب گورنر کے عہدے پر نہیں ہوں لیکن دو سال تک کلاس لینے والے  50 ہزار طلبہ کا مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دوں گا اور عیدالفطر کے بعد شیڈول کا اعلان کروں گا۔ سعودی عرب سے ٹیلی فونک رابطے میں سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ مفت آئی ٹی کورس کے 50 ہزار طلبہ کا مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دوں گا، اب فلاحی اداروں اور مخیر دوستوں کے ساتھ مل کر جلد یہ آئی ٹی پروگرام شروع کروں گا، کورس کی تکمیل تک ان پڑھنے والے طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی کورس کی تعلیم فراہم کی جائے گی اور عید الفطر کے بعد کلاسز کی جگہ اور شیڈول کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں نے کراچی سمیت صوبہ بھر کے بچوں کے لیے آئی ٹی پروگرام شروع کیا، جس میں ہر مذہب اور قومیت کے بچے کو ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ پر داخلہ دیا گیا اور 50 ہزار طلبا و طالبات مختلف آئی ٹی کورسز میں زیر تعلیم تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان کی وجہ سے کلاسز معطل تھیں اور اس دوران مجھے گورنر کے منصب سے ہٹادیا گیا، میں اگلے روز عمرے پر سعودی عرب روانہ ہوگیا، اس دوران جس کمپنی نے ایجوکیشن سٹی کی مارکی لگائی تھی، جس کے بارے میں مجھے اطلاع ملی کہ انہوں نے سامان اٹھانا شروع کردیا ہے لیکن پھر یہ اطلاع ملی ہے کہ ایجوکیشن ٹینٹ سٹی والوں کو گورنر ہاؤس نے فی الحال روک دیا ہے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ  اب گورنر ہاؤس میں آئی ٹی پروگرام جاری رکھنا نئے گورنر سندھ پر منحصر ہے، اگر وہ آئی ٹی پروگرام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو یہ اچھا اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس آئی ٹی پروگرام کا ماہانہ خرچہ سوا کروڑ تھا جو سرکاری نہیں بلکہ اپنے وسائل سے پورا کررہا تھا۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ طلبہ کا کورس مکمل ہونے تک آئی ٹی پروگرام ہر صورت جاری رکھنے کے لیے اقدامات کر رہا ہوں اور اس پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے جے ڈی سی، سیلانی اور بدر ایکسپو سے رابطہ کیا ہے اور ان زیر تعلیم طلبا وطالبات کے لیے کلاسز بحالی کےشیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی جلد ہوگی اور پھر فلاحی کام کے ساتھ سیاسی وعوامی رابطے کروں گا جبکہ امید رمضان دستر خوان ڈیفینس خیابان شجاعت میں اپنی رہائش گاہ پر شروع کردیا ہے۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ یہ یقینی بنایا ہے کہ نئے گورنر پر آئی ٹی کورس جاری رکھنے کا مالی بوجھ نہ پڑے، ان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے یہی طلبہ آئی ٹی امتحان پاس کریں گے تو ہزاروں ڈالر ماہانہ کمائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل