Sunday, May 03, 2026
 

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ویمن ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پیر کو کھیلا جائے گا

 



پاکستان اور زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے تین میچز کی سیریز جیتنے کا عزم ظاہر کیا ہے،دوسرا میچ6 اور تیسرا اور آخری میچ 9 مئی کو طےہے ،بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انعقاد ہوگا ،پہلا میچ 12 مئی ،دوسرا میچ 14 مئی اور تیسرا و آخری میچ 15 مئی کو کھیلا جائے گا۔ دریں اثناسیریز کی تیاریوں کے لیے دونوں ٹیموں نے  اتوار کی شب  نیشنل اسٹیڈیم میں حتمی مشقیں کیں،دن بھر کی سخت ترین گرمی کے بعد شام کو چلنے والی ٹھنڈی سمندری ہواؤں میں ویمن کرکٹرز نے قدرے سکون کا سانس لیا اور بولنگ، بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ کی بھر پور ٹریننگ کی،ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہیں،ون ڈے میچز کا آغازدوپہر ساڑھے تین بجے ہوگا جبکہ ٹی ٹونٹی میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔ پاکستان  اسکواڈ کی کپتانی فاطمہ ثناء کریں گی،اسکواڈ میں ایک غیر کیپڈ کھلاڑی مومنہ ریاض بھی  شامل ہیں،ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان بعد میں جائے گا،پاکستان  آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اسٹینڈنگ میں پانچویں نمبر پر ہے،تاہم گزشتہ روز آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی ویمن ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد7  سے 8ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔ زمبابوے کے خلاف سیریز پاکستان ویمن ٹیم کو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی  ویمنز ٹی ٹونٹی  ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گی،میگاایونٹ سے قبل پاکستان 28 مئی سے 4 جون تک آئرلینڈ میں ہونے والے سہ ملکی  ٹی ٹونٹی ویمن ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا جس میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز بھی شامل ہوں گے۔ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان  فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز ہمارے لیے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ  میں مضبوط آغاز کرنے کا ایک اہم موقع ہے، اپنی سرزمین پرکھیلنا ہمیشہ ہمیں مزید اعتماد فراہم کرتا ہے اور ہم ان حالات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،ہماری تیاریاں مکمل ہیں،ہر کھلاڑی کو اس کا کردار دے دیا گیا ہے،کیمپ میں بھرپور محنت کی بدولت بہتر نتائج کے لیے پر امید ہیں۔ دوسری جانب زمبابوے کی عبوری کپتان نوم ویلو سیبانڈا کہتی ہیں کہ گرم موسم کی شدت کے باوجود ہمارا پہلا دورہ پاکستان تاریخی حیثیت کا حامل ہے،ایک مضبوط حریف کے خلاف بہتر نتائج کے لیے ہماری کھلاڑی پرجوش ہیں،ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستان ویمن اسکواڈفاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، مومنہ ریاض، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ عارب، تابش اور تابش شاہ پر مشتمل ہے،ریزرو کھلاڑیوں میں ارم جاوید، ایمن فاطمہ، سائرہ جبین، طوبہ حسن اور عنبر کائنات شامل ہیں۔  عائشہ اشعر ٹیم منیجر، وہاب ریاض مینٹور و ہیڈ کوچ، عبدالرحمان اسپن بولنگ کوچ، عمید آصف فاسٹ بولنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، عمران فرحت بیٹنگ کوچ، محمد ارسلان میڈیا منیجر، ولید احمد انالسٹ، معین اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ شہزادی مساجر کی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل