Loading
کورنگی میں پکنک پر جانے والے 2 نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا جبکہ ایک نوجوان نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، ادھر پاک کالونی تھانے کی حدود میں گھر کے باہر کھڑی کی جانے والی گاڑی چند منٹوں میں چوری کرلی گئی، دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوارکی صبح کورنگی نمبر4ایم ایریا میں پکنک پر جانے کی تیاری میں مصروف نوجوانوں کو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زورپرلوٹ لیا، ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار2ملزمان نےگلی میں کھڑے نوجوانوں سے واردات کی،نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر نوجوانوں کو یرغمال بنایا اور نقدی رقم ،موبائل فون چھین لیے، سی سی ٹی وی فوٹیج مین دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں ڈاکو کے پہنچنے پر ایک نوجوان نے بھاگ کر اپنا موبائل فون اور نقدی بچائی ، دو نوجوان ڈاکو کے ہتھے چڑھ گئے جن سے ملزمان نے واردات کی،ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ادھر پاک کالونی تھانے کی حدود میں گھرکے باہرکھڑی کی جانے والی گاڑی چند منٹوں میں چوری ہوگئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات تین بجکر سات منٹ کا وقت ہوتا ہے،موٹر سائیکل پرسوار2 افراد آتے ہیں اور اطراف کا جائزہ لیتے ہیں، ایک شخص موٹر سائیکل سے اترتا ہے اور گاڑی کا لاک کھولتا ہے،ملزم گاڑی اسٹارٹ کر کے ساتھ لے جاتا ہے، واردات کا مقدمہ پاک کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا۔
مدعی کے مطابق میں نے اپنی گاڑی تین بجے اپنے گھر کے باہر کھڑی کی تھی، چار بجے دیکھا تو گاڑی غائب تھی، پولیس حکام کے مطابق واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ کیس اے وی سی سی منتقل کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل