Loading
پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے علی بابا کلاؤڈ اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
اس شراکت داری کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن کے فلیگ شپ تعلیمی پلیٹ فارم 'بنو قابل' کے تحت پاکستان میں خصوصی علی بابا ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
مفاہمتی یادداشت پر علی بابا کلاؤڈ کے مجاز پارٹنر کی جانب سے مسٹر ہینک شاؤ جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے جناب نوید علی بیگ نے دستخط کیے۔
یہ اشتراک علی بابا کلاؤڈ پرائیویٹ لمٹیڈ سنگاپور اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان طے پایا ہے، جبکہ پاکستان میں علی بابا کلاؤڈ کے مجاز پارٹنر Cognix Solutions Private Limited اس تعاون میں معاونت فراہم کرے گا۔
معاہدے کے تحت پاکستان میں دو خصوصی علی بابا کلاؤڈ سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جن میں ایک کراچی میں بنو قابل انکیوبیشن سینٹر اور دوسرا لاہور میں بنو قابل انوویشن سینٹر میں قائم ہوگا۔ ان مراکز میں علی بابا کلاؤڈ کے آرٹیفشل انٹیلیجنس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ نصاب کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے طلبہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پروفیشنل سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے مواقع سے مستفید ہو سکیں گے۔
اس اشتراک کے تحت علی بابا کلاؤڈ کی جانب سے اساتذہ کے لیے مسلسل تربیتی اور سرٹیفکیشن پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ انسٹرکٹرز کو عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔
شراکت داری کے تحت 'AI for Pakistan’s Future' کے عنوان سے باقاعدگی سے آرٹیفشل انٹیلیجنس ہیکاتھونز بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں نوجوانوں کو قومی اہمیت کے مسائل کے لیے جدید اور عملی ٹیکنالوجی حل پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور معاونت بھی کی جائے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کا 'بنو قابل' پلیٹ فارم پاکستان کے نمایاں تیز رفتار تعلیمی اقدامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں اب تک 11 لاکھ 50 ہزار سے زائد طلبہ رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ 90 ہزار سے زائد طلبہ مختلف پروگرامز میں کامیابی کے ساتھ سرٹیفائی ہو چکے ہیں۔
یہ اشتراک غیر تجارتی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینا، روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مستحکم بنانے اور مصنوعی ذہانت و کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی جدید صلاحیتوں سے آراستہ مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل