Loading
ڈسٹرکٹ ویسٹ میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق 7 افراد زخمی ہوگئے ، فائرنگ کا پہلا واقعہ اورنگی ٹاؤن میں بچوں کی لڑائی شدت اختیار کرنے اور بڑوں کے کودنے کی وجہ سے پیش آیا جبکہ فائرنگ کے دوسرے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت ذاتی رنجش کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں 8 افراد زخمی ہوگئے جس میں ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کے درمیان ہونے والا لڑائی جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس میں بڑے بھی کود گئے اور اس دوران کی جانے والی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق مقتول کی شناخت 15 سالہ احسان اللہ ولد معین خان کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں کو 23 سالہ شیر نواز ، 25 سالہ احمد ، 25 سالہ زین اللہ ، 29 سالہ شمس الرحمٰن ، 23 سالہ نیاز ، جلال دین اور فدا محمد ک نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ پولیس ان کے بیانات بھی قلمبند کر رہی ، پولیس نے جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ طوری بنگش کالونی نصیب چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
اقبال مارکیٹ پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت 25 سالہ شعیب کے نام سے کی گئی جبکہ فائرنگ کا واقعہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل