Monday, May 11, 2026
 

10 مئی کا سبق!

 



پاک فوج کے ترجمان نے نیوی اور فضائیہ کے سربراہان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ایک سال پہلے بھی دفاع کے لیے تیار تھی اور آج بھی تیار ہے، معرکہ حق میں ہم نے اپنی مجموعی قوت کی صرف 10 سے 15 فی صد جھلک دکھائی تھی، ہم نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور جنگ کا زاویہ بدل دیا، ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور پہلگام کے بعد دہشت گردی کا بھارتی بیانیہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آج پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا، بھارت پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکا۔ پاکستان نے جو سوالات اٹھائے وہ آج بھی جوں کے توں موجود ہیں۔ ان کے جواب کون دے گا؟ آج عالمی برادری بھی یہی سوال کر رہی ہے کہ پہلگام واقعے کے پیچھے کون تھا اور اس کا کیا مقصد تھا؟ پاکستان کے علاوہ بھارت کے اندر بھی باشعور حلقے بھی ان سوالات کا جواب مانگ رہے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے واضح طور پر کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حل طلب معاملہ ہے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے حقوق پامال کرتا اور ان پر ظلم ڈھاتا ہے۔ مذکورہ پریس کانفرنس سے پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل کا کہنا تھا کہ ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کے 8 طیارے گرائے جن میں4 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ بھارت کے ساتھ گزشتہ سال معرکہ حق کی شان دار فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر پورے ملک میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں پوری قوم نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ 10 مئی 2025 بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کا تاریخی دن تھا۔ اس نسبت سے مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس سے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب کیا۔پہلگام مقبوضہ کشمیر میں مسلح اکثریتی علاقے میں واقع ایک خوب صورت تفریحی مقام ہے یہاں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں۔ گزشتہ سال 22 اپریل کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں ایک دو غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔ بھارت کی مودی سرکار نے بغیر کسی تحقیق اور ٹھوس ثبوت کے دہشت گردی کے اس واقعے کا الزام پاکستان پر دھر دیا۔ نتیجتاً دونوں ملکوں کے درمیان یکدم کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔ بھارت نے فوری طور پر واہگہ بارڈر بند کرنے، پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ مودی سرکار نے ’’آپریشن سندور‘‘ کے نام سے پہلگام واقعے کو جواز بناتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا۔ دشمن اس گھمنڈ اور خوش فہمی میں مبتلا تھا کہ وہ 1971 کی طرح پاکستان کو مزید ٹکڑوں میں تقسیم کر دے گا۔ محض چار روز کے اندر ہی بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ پاکستان ایئرفورس کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کو ایسی قلابازیاں کھلائیں کہ وہ خاک چاٹتے زمیں بوس ہو کر شعلوں کی لپیٹ میں جل کر خاک ہو گئے۔ پاک فضائیہ کے ہوا بازوں نے بھارت کے 4 رافیل طیارے اور ایس یو 30 ، مگ 29 اور میراج 2000 ملا کر کل 8 طیاروں کو ایسی خاک چٹائی کہ پوری دنیا میں پاک فضائیہ کی فضائی بادشاہت کا سکہ بیٹھ گیا۔ بھارت کو اپنی ساکھ بچانے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی منت سماجت کرنا پڑی۔ امریکا کی مداخلت سے پاک بھارت جنگ بندی ممکن ہوئی۔ مبصرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت شکست کا بدلہ لینے کے لیے پاکستان کے خلاف دوبارہ جارحیت کا ارتکاب کر سکتا ہے۔ اسی حوالے سے پاک فوج کے ترجمان نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ ابھی ہم نے اپنی قوت کا دس فی صد دکھایا، 90 فی صد باقی ہے، اگر بھارت نے دوبارہ میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھا تو پہلے سے زیادہ سخت جواب ملے گا۔ انھوں نے اعلان کیا کہ 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر عظیم الشان پریڈ ہوگی جس میں پاک فوج عوام کو اپنی چھوٹی سی جھلک دکھائے گی۔ انھوں نے درست کہا کہ پہلگام سانحے کے حوالے سے عالمی برادری جو سوالات پوچھ رہی ہے مودی سرکار نے آج تک ان کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کر سکا۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے انھوں نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تصفیہ طلب مسئلہ ہے اور عالمی ادارے اقوام متحدہ کی قراردادیں اس کے حل کی ضامن ہیں، جن کے تحت بھارت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کا پابند ہے، لیکن افسوس کہ بھارت دھڑلے کے ساتھ عالمی ادارے کی قراردادوں کو پامال کر رہا ہے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ بھی تاحال معطل کر رکھا ہے جو اس کی کھلی بدمعاشی ہے۔ بھارت شکست کی بوکھلاہٹ میں مبتلا اب افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ پاک فوج آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کے ذریعے اسے وہاں بھی عبرت ناک شکست دے گی۔ بھارت کو 10 مئی کا سبق یاد رکھنا چاہیے ورنہ معرکہ حق کی دوسری قسط اس کی رہی سہی عزت بھی خاک میں ملا دے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل