Loading
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور منصوبے پر کام فوری شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبے پر اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو، وزیر ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ فلائی اوور کو جولائی کے پہلے ہفتے تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے جولائی میں فلائی اوور کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے زمین کا قبضہ سنہ 2018ء میں دیا گیا تھا، قانونی چارہ جوئی اور دیگر مسائل کے باعث تعمیراتی کام رکا ہوا تھا۔ حیدر آباد بائی پاس سے اکرم واہ تک منصوبہ وفاقی اسکیم کا حصہ تھا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی کافی سول ورکس مکمل کر چکی ہے، 24 پل گرڈرز کی کاسٹنگ مکمل کی گئی ہے، تاہم ڈھانچہ ابھی تک نامکمل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام تکنیکی اور مالی رکاوٹیں فوری حل کرنے کی ہدایت دے دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ فلائی اوور منصوبے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، فلائی اوور شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے اہم منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکموں کو فوری کوآرڈینیشن اور کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
صوبائی وزیر ورکس علی حسن زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کروائی کہ فلائی اوور کے ترقیاتی کام کی نگرانی کروں گا، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر جولائی تک فلائی اوور کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل