Loading
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کاٹی کے صدر اکرام راجپوت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں پولیس کی نفری بڑھائی جائے، سیف سٹی منصوبے پر کاٹی پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
اکرام راجپوت کے مطابق کورنگی میں امن و امان کی صورتحال میں اگرچہ بہتری آئی ہے، تاہم کچھ عناصر لیبر کو بھڑکاتے ہیں۔
کاٹی کی لاء اینڈ آرڈر اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین دانش خان نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ، رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی عام ہے، علاقے میں اسٹریٹ کرائم کے مسائل بھی درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی حالات میں خرابی اسٹریٹ کرائم میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کی ضرورت ہے، صنعتی علاقے میں قائم ڈھابہ ہوٹلوں اور تجاوزات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی سیکیورٹی سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کو واپس کراچی نہیں آنے دیں گے۔
آزاد خان کے مطابق مسائل کے طویل مدتی حل کیلئے باقاعدہ اور سخت ایکشن لیا جائے گا، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے، جس پر کام کیا جا رہا ہے۔
کراچی پولیس چیف کے مطابق گزشتہ 5 ماہ کے دوران ڈکیتیوں اور قتل کی وارداتوں میں 44 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، گاڑیاں چھیننے کے کیسز میں 17 فیصد کمی ہوئی ہے، موبائل اسنیچنگ میں 5 فیصد کمی ہوئی ہے، جو تسلی بخش نہیں۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے، سیف سٹی پراجیکٹ ٹریک پر آ چکا ہے، جس سے جرائم اور ٹریفک دونوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں رواں سال 2 ہزار نئے کیمرے نصب کیے جائیں گے، کیمروں کی موجودگی سے جرائم میں کمی آ رہی ہے، ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا کہ ای چالان کی وجہ سے کئی مسائل حل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای چالان میں شہریوں نے نمبر پلیٹس کے ساتھ خورد برد شروع کر دی ہے، چالان کا نظام برقرار رکھا جائے گا، تاہم ٹریفک افسران کو ٹیبلٹس دینے پر غور کیا جا رہا ہے، افسران ٹیبلٹس کے ذریعے ای چالان کریں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق صنعتی علاقوں میں ہزاروں ورکرز کی موٹر سائیکلیں موجود ہیں، ورکرز کو نمبر پلیٹ نصب کرنے کیلئے آگاہی دی جائے گی، منشیات کے خلاف مہم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، منشیات کے عادی افراد عموماً جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔اس کے خاتمے کیلئے ادارے ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل