Monday, May 18, 2026
 

عمر گل نے شاہین آفریدی سے لڑائی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

 



پاکستان کے بولنگ کوچ عمر گل نے شاہین شاہ آفریدی سے مبینہ لڑائی کی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے خاموشی توڑ دی۔ پریس کانفرنس میں عمر گل نے کہا کہ صبح اٹھنے پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں انہیں ٹیگ کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہین آفریدی کوچ کی بات نہیں سن رہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب حسن علی کو چوٹ لگی تھی اور وہ زمین پر گرے ہوئے تھے جبکہ شاہین آفریدی اس دوران باہر بیٹھے تھے۔ ان کے مطابق عام طور پر شاہین بولنگ کے دوران گھٹنے پر ٹیپ لگاتے ہیں اور اسی حوالے سے گفتگو ہو رہی تھی۔ عمر گل نے کہا کہ اس موقع پر ان کی شاہین آفریدی سے معمول کی بات چیت ہو رہی تھی کہ انہیں باہر جانے کا کہا جا رہا تھا، اسی دوران سرفراز احمد آئے اور بتایا کہ حسن علی کے سر پر چوٹ لگی ہے۔ بولنگ کوچ کے مطابق اس واقعے کو غلط طور پر لڑائی کا رنگ دیا گیا جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی صورتحال صرف ایک ری ایکشن تھا اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ کیمرہ اس لمحے کو ریکارڈ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد صارفین نے اس پر مختلف ردعمل دیتے ہوئے قیاس آرائیاں کی تھیں کہ کوچ اور کھلاڑی کے درمیان گرما گرمی ہوئی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل