Loading
لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس اہلکار کے گھر سے ایک طلاق یافتہ خاتون کی گولی لگی لاش برآمد ہونے پر واقعے میں پراسرار پہلو سامنے آئے جس کے بعد پولیس نے اہلکار کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ لیاری مرزا آدم خان روڈ، علامہ اقبال کالونی گلی نمبر 12 کے قریب پیش آیا جہاں گھر کے اندر سے 25 سالہ خاتون بتول کی لاش ملی جس کی پیشانی پر گولی کا نشان تھا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او کلاکوٹ آغا معشوق کے مطابق متوفیہ بتول طلاق یافتہ تھی ایک بچے کی ماں تھی اور معاشی مشکلات کا شکار تھی۔ وہ ناپیئر تھانے میں تعینات پولیس اہلکار آصف کے پڑوس میں رہتی تھی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اہلکار کا سرکاری پستول اور گولی کا ایک خول بھی برآمد ہوا ہے جس سے واقعے کی نوعیت مزید مشکوک ہو گئی ہے۔ واقعے کے وقت پولیس اہلکار گھر پر موجود نہیں تھا۔
اہلکار کی اہلیہ کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گھر میں موجود تھیں کہ اچانک فائر کی آواز سنی اور دیکھا کہ خاتون نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی سمیت مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم شواہد کی بنیاد پر کیس کی نوعیت کا تعین کیا جائے گا۔
اہلکار آصف کو حراست میں لے کر مزید پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے جبکہ مقتولہ کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل