Monday, June 08, 2026
 

کوئٹہ میں باپ نے بیوی اور چار بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

 



کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور چار بچوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔  ایس ایچ او بروری نصیب اللہ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آج کچھ دیر قبل پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم نے اپنے ہی گھر میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنی اہلیہ اور چار بچوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ فائرنگ کے باعث تمام افراد کو شدید زخم آئے اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ واردات کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں مردہ خانے میں پوسٹ مارٹم کا عمل جاری ہے۔ کوئٹہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ بظاہر ملزم کی جانب سے اس انتہائی اقدام کے محرکات ابھی تک نامعلوم ہیں جبکہ کسی گھریلو تنازع یا دیگر وجوہات کی بھی فی الحال تصدیق نہیں ہو سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد، اہل محلہ اور لواحقین کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات سے متعلق حتمی موقف سامنے لایا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل