Loading
راولپنڈی میں آئی جے پی روڈ کے قریب خبیب کالونی کے کھلے نالے میں گرنے والے 7 سالہ بچے وصال کے افسوس ناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نالے کے کنارے پانچ بچے کھیل رہے ہیں، کھیل کے دوران ایک بچے کے دھکے سے 7 سالہ وصال اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیدھا کھلے نالے میں جا گرے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے حبیب کالونی میں یہ افسوس ناک واقعہ تین روز پہلے پیش آیا تھا، جہاں شدید بارش کے باعث نالے میں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز تھا اور بچہ چند لمحوں میں ریلے میں بہہ گیا۔
اہل علاقہ کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے موقع پر کوئی مؤثر امدادی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی تاہم واقعے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122 نے تلاش شروع کی۔
واقعے کے بعد تین روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد سات سالہ وصال کی لاش نالہ لئی کے گوالمنڈی کے علاقے سے برآمد ہوئی، جس کے بعد علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر شہری علاقوں میں کھلے نالوں کی حفاظت، حفاظتی باڑ اور بروقت امدادی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے جہاں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل