Wednesday, June 24, 2026
 

ایران ہماری ہر بات مان رہا ہے، نہ مانا تو وہی کریں گے جو ضروری ہے، صدر ٹرمپ

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ معاملات میں بڑی رعایتیں دے رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت مثبت سمت میں جاری ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے طے شدہ معاملات پر عمل نہ کیا تو واشنگٹن کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں جبکہ انہوں نے ایران کو منجمد اثاثوں سے رقوم دینے کی خبروں کی بھی سختی سے تردید کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو چیف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ان کی ہر بات مان رہا ہے اور اسے ایسا کرنا بھی پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تہران کی جانب سے نمایاں رعایتیں دی جا رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے معاملات پر عمل درآمد نہ کیا تو امریکا وہی کرے گا جو اس کے لیے ضروری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔ ٹرمپ نے ایران سے متعلق منجمد اثاثوں کی رقوم جاری کیے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کو کوئی فنڈز فراہم نہیں کیے اور نہ ہی اسے ایسی کسی مالی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول یا اضافی مالی بوجھ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی ہے جو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران کو امریکی کسانوں سے خوراک خریدنی چاہیے اور اس کی ادائیگی منجمد ایرانی اثاثوں میں سے کی جا سکتی ہے۔ نیٹو اور یورپی اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر یورپ نے امریکا کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے برطانیہ، جرمنی، فرانس، اسپین اور اٹلی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ ان ممالک کے مؤقف سے مایوس ہیں۔ ان کے بقول نیٹو نے بھی ایران سے متعلق حالیہ صورتحال میں امریکا کی توقعات پوری نہیں کیں۔ یوکرین جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس تنازع نے عالمی دفاعی صنعت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں تاہم امریکا اب بھی واضح برتری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گا اور ایران کے ساتھ جاری رابطوں کے نتائج جلد سامنے آ سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل