Loading
پاک افغان جوائنٹ چیمبر نے افغانستان سے خالی کنٹینرزکی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے والے حالیہ فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے اس فیصلے کو اعتماد سازی کا مثبت اقدام، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کیلیے امید افزا علامت قرار دیا۔
پاک افغان جوائنٹ چیمبرکے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے امید ظاہرکی کہ مال سے لدے کنٹینرز اور باقاعدہ تجارتی کارگو کی نقل و حمل بھی جلدشروع ہو جائیگی اور باہمی تجارت اور ٹرانزٹ آپریشن بحال ہوجائیگا۔
انہوں نے اس بات پرزور دیاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو بھی ایک اورکامیابی کی کہانی میں ڈھالناچاہیے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں اور بڑھتا ہوا تعاون علاقائی امن اور خوشحالی میں اہم کردار اداکرسکتاہے۔
انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امن، علاقائی استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کیلیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیرکی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ایران امریکاتنازعہ سے پیدا ہونیوالی غیر یقینی صورتحال نے پورے خطے میں تشویش کو جنم دیاہے، پاکستان کی قیادت نے مسلسل بات چیت، تحمل اور تنازعات کے پرامن حل پر زوردیاہے، اقتصادی ترقی، تجارتی ترقی اور علاقائی روابط کیلیے امن اور استحکام ضروری شرط ہے۔
جنیدماکڈا نے کہاکہ کاروباری برادری کا پختہ یقین ہے کہ اقتصادی مفادات کے تحفظ اور آنیوالی نسلوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلیے سفارت کاری اور مشغولیت سب سے موثر ہتھیار ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل