Saturday, June 27, 2026
 

سانس سے نام تک ، زندگی کا سفر

 



زندگی ایک مسلسل سفر ہے جس کی ابتدا ایک خاموش لمحے سے ہوتی ہے اور اختتام ایک مکمل خاموشی پر جا ٹھہرتا ہے، مگر ان دونوں خاموشیوں کے درمیان ایک ایسا ہنگامہ، ایک ایسی دوڑ اور ایک ایسا شور بپا ہوتا ہے جسے انسان ’’زندگی‘‘ کہتا ہے۔ یہ سفر دراصل سانس اور نام کے درمیان پھیلا ہوا ایک مختصر وقفہ ہے، مگر یہی مختصر وقفہ انسان کے وجود کا سب سے بڑا امتحان اور سب سے بڑی حقیقت بھی ہے۔ جب انسان اس دنیا میں آتا ہے تو اس کے پاس کچھ بھی نہیں ہوتا۔ نہ پہچان، نہ رتبہ، نہ نام، نہ شناخت۔ وہ صرف ایک زندہ وجود ہوتا ہے جس کی پہلی علامت اس کی سانس ہے۔ ایک سانس جو اعلان کرتی ہے کہ ایک نیا کردار، اپنی کہانی لکھنے کے لیے آ چکا ہے۔ اس لمحے میں انسان فطرت کے سب سے قریب ہوتا ہے۔ بے نام، بے مقصد نہیں بلکہ مقصد سے ناواقف ضرور۔ اسے نہ سماج کا شعور ہوتا ہے نہ حیثیت کا علم۔ وہ صرف زندہ ہوتا ہے اور یہی زندگی کا خالص ترین روپ ہے۔ وقت کے ساتھ یہ بے نام وجود ایک نام پا لیتا ہے۔ یہ نام خاندان، معاشرے اور ماحول کی طرف سے دیا گیا تعارف ہے، مگر یہ چھوٹا سا لفظ انسان کی پوری زندگی کا مرکز بن جاتا ہے۔ اب اس کا ہر عمل اسی نام کے گرد گھومتا ہے۔ وہ سیکھتا ہے، پڑھتا ہے، گرتا ہے، اٹھتا ہے، کامیابیاں سمیٹتا ہے اور ناکامیوں کے زخم سہتا ہے۔ مگر ہر لمحہ اس کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ اس کا نام بلند ہو، معتبر ہو، یادگار بن جائے۔ انسان کی زندگی ایک دوڑ بن جاتی ہے جس کا مقصد اپنے نام کو دوسروں کے دلوں اور تاریخ کے صفحات پر ثبت کرنا ہے۔ مگر اس دوڑ میں ایک تلخ حقیقت چھپی ہے جس پر کم لوگ غور کرتے ہیں۔ وہ سانسیں جو اسے زندہ رکھتی ہیں، ہر لمحہ کم ہو رہی ہیں۔ ہر گزرتا دن اسے اس حقیقت کے قریب لے جاتا ہے کہ اس کا وقت محدود ہے، وجود عارضی ہے، کہانی ایک دن مکمل ہو جائے گی، لیکن انسان کی نظر اکثر اس حقیقت سے ہٹ کر نام، پہچان اور خواہشات کے ہجوم میں گم ہو جاتی ہے۔ وہ سمجھتا ہے وقت بہت ہے، ابھی بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔ اسی سوچ میں وہ زندگی کے اصل مقصد سے دور ہوتا چلا جاتا ہے۔ زندگی کے سفر میں انسان کئی مراحل سے گزرتا ہے۔ بچپن، جوانی اور بڑھاپا ، یہ تینوں اس سفر کے الگ الگ رنگ ہیں۔ بچپن معصومیت کا دور ہے۔ بچے کو نہ ماضی کی فکر ہوتی ہے نہ مستقبل کا خوف۔ وہ صرف جینا جانتا ہے، ہنستا ہے، کھیلتا ہے۔ اس کی ہنسی میں کوئی بناوٹ نہیں، اس کے آنسو میں کوئی حساب نہیں۔ بچپن زندگی کی وہ حالت ہے جہاں انسان سب سے زیادہ آزاد ہوتا ہے۔  جوانی توانائی اور خوابوں کا موسم ہے۔ نوجوان کے کندھے پر دنیا فتح کرنے کا جنون ہوتا ہے۔ وہ منصوبے بناتا ہے، بلند عمارتیں کھڑی کرنے کے خواب دیکھتا ہے، نام کمانے کی تمنا رکھتا ہے۔ اس کی رگوں میں خون کی جگہ امید دوڑتی ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ سب کچھ اس کے بس میں ہے۔ یہی جذبہ قومیں بناتا ہے، تاریخ بدلتا ہے، مگر یہی جذبہ اگر بے راہ ہو جائے تو انسان کو خود غرضی اور دوڑ دھوپ کی بھول بھلیوں میں بھی پھنسا دیتا ہے۔  بڑھاپا خاموشی کا موسم ہے۔ جسم تھک جاتا ہے، رفتار سست ہو جاتی ہے، دنیا کی دوڑ سے دل اُکتا جاتا ہے۔ بڑھاپے میں انسان ماضی کی طرف لوٹتا ہے۔ اپنے فیصلوں کا محاسبہ کرتا ہے، سوچتا ہے کہ کیا کھویا اور کیا پایا۔ وہ ان لمحوں کو یاد کرتا ہے جو خوشی دیتے تھے، ان رشتوں کو یاد کرتا ہے جو سچے تھے۔ بڑھاپا انسان کو سکھاتا ہے کہ تیز دوڑنے سے منزل نہیں ملتی، سمجھ کر چلنے سے سکون ملتا ہے، مگر افسوس کہ یہ سبق اکثر تب ملتا ہے جب سانسیں کم رہ جاتی ہیں۔ ان تمام مراحل میں ایک چیز مشترک رہتی ہے اور وہ ہے سانسوں کا تسلسل۔ یہ سانسیں آہستہ آہستہ اپنی آخری حد کی طرف بڑھ رہی ہوتی ہیں۔ ہر ہنسی، ہر آنسو، ہر کامیابی، ہر ناکامی کے ساتھ ایک سانس کم ہو جاتی ہے، مگر انسان اس کمی کو محسوس نہیں کرتا۔ وہ کل کا انتظار کرتا ہے، ’’پھر کبھی‘‘ پر ٹال دیتا ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ کل کبھی نہیں آتا، آج ہی سب کچھ ہے۔  آخرکار وہ لمحہ آ جاتا ہے جب سفر اختتام کے قریب پہنچ جاتا ہے۔ انسان کے پاس وہ سب کچھ ہوتا ہے جس کے لیے اس نے زندگی بھر دوڑ لگائی تھی۔ اس کا نام، اس کی پہچان، اس کے بینک بیلنس، اس کے بنائے ہوئے رشتے، اس کی تعمیر کردہ دیواریں۔ مگر اس کے اندر وہ سانسیں نہیں رہتیں جو اسے متحرک رکھتی تھیں۔ اب وہ صرف ایک نام رہ جاتا ہے، ایک یاد بن جاتا ہے، ایک کہانی بن جاتا ہے جو دوسرے لوگ سناتے ہیں۔ اور یہیں زندگی کا سب سے بڑا سوال جنم لیتا ہے۔ انسان نے اس سفر میں کمایا کیا اور کھویا کیا؟ کیا اس نے صرف نام کمایا اور سکون کھو دیا؟ کیا اس نے دولت کمائی اور رشتے گنوا دیے؟ کیا اس نے دنیا کو فتح کیا اور خود کو ہار گیا؟ یہ سوال ہر انسان کو اپنے آخری وقت میں خود سے کرنا پڑتا ہے اور اکثر جواب انسان کو چونکا دیتا ہے۔  اگر غور کیا جائے تو اصل اہمیت نہ صرف سانسوں کی ہے نہ صرف نام کی، بلکہ ان دونوں کے درمیان گزرنے والے وقت کی ہے جسے ہم ’’زندگی‘‘ کہتے ہیں۔ یہ وقت ہی اصل امتحان ہے۔ کوئی اسے غرور اور خود غرضی میں ضایع کر دیتا ہے، کوئی حسد اور نفرت میں جلا دیتا ہے، کوئی صرف دنیاوی دوڑ دھوپ میں کھو دیتا ہے اور کوئی اسے محبت، خدمت اور انسانیت میں گزار دیتا ہے۔ انسان کا اصل کمال اس کے نام کی لمبائی یا رتبے کی بلندی میں نہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ بڑے بڑے بادشاہوں کے نام کتابوں میں دفن ہو گئے، مگر ایک استاد، ایک ماں، ایک سچے دوست کا اثر نسلوں تک زندہ رہتا ہے۔ اصل کمال کردار کی پاکیزگی میں ہے، عمل کی سچائی میں ہے، دوسروں کی زندگی میں چھوڑے گئے اثر کی گہرائی میں ہے۔ زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ہر سانس ایک امانت ہے اور ہر لمحہ ایک موقع۔ یہ موقع اس بات کا ہے کہ ہم وجود کو صرف سانس لینے تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسے بامقصد بنائیں۔ ہم ایسا نام چھوڑ کر جائیں جو صرف پہچان نہ ہو بلکہ روشنی ہو، رہنمائی ہو، دعا ہو۔ کیونکہ جب سانسیں رک جاتی ہیں تو بینک بیلنس کام نہیں آتا، عہدے کام نہیں آتے۔ کام آتا ہے وہ اثر جو آپ نے کسی کے چہرے پر مسکراہٹ کی صورت میں چھوڑا تھا، وہ دعا جو کسی ماں نے آپ کے لیے کی تھی، وہ بھلائی جو آپ نے خاموشی سے کر دی تھی۔ اسی لیے زندگی کو مقابلہ نہ سمجھا جائے بلکہ ذمے داری سمجھا جائے۔ یہ ایک امتحان گاہ ہے جہاں ہر قدم کا حساب ہے۔ ہر فیصلہ سوچ کر کیا جائے، ہر عمل احساس کے ساتھ ہو۔ غصے میں بولا گیا لفظ، تکبر سے اٹھایا گیا قدم، اور لاپرواہی سے توڑا گیا رشتہ ، یہ سب اس مختصر سفر میں گہرے زخم چھوڑ جاتے ہیں اور دوسری طرف محبت سے کہا گیا جملہ، معافی سے بڑھایا گیا ہاتھ، اور خدمت سے جھکی ہوئی پیشانی ، یہ سب اس سفر کو خوبصورت بنا دیتے ہیں۔  زندگی کی سب سے بڑی سچائی یہ ہے کہ یہ عارضی ہے۔ محل فنا ہو جاتے ہیں، تاج گر جاتے ہیں، شہرت کی آواز دھیمی پڑ جاتی ہے۔ جو چیز باقی رہتی ہے وہ صرف ’’اثر‘‘ ہے    وہ اثر جو آپ نے کسی غریب کی مدد کر کے چھوڑا، وہ اثر جو آپ نے کسی ٹوٹے دل کو جوڑ کر چھوڑا، وہ اثر جو آپ نے سچ بول کر چھوڑا۔ تو آئیے اس سفر کو سمجھیں۔ سانس کو ضایع نہ کریں، اسے عبادت بنائیں۔ نام کو بوجھ نہ بنائیں، اسے دعا بنائیں۔ ہر صبح اٹھ کر خود سے پوچھیں کہ آج میں اپنی سانسوں سے کیا کماؤں گا؟ آج میں اپنے نام کے ساتھ کیا اثر جوڑوں گا؟  کیونکہ آخرکار جب ہماری کہانی مکمل ہو گی تو لوگ ہماری دولت نہیں گنیں گے، ہماری گاڑیاں نہیں دیکھیں گے۔ وہ صرف یہ یاد رکھیں گے کہ آپ کیسے انسان تھے۔ آپ نے کس کو ہنسایا، کس کا درد بانٹا، کس کے لیے آسانی پیدا کی۔یہی وہ حقیقت ہے جو سانس اور نام کے درمیان کے مختصر فاصلے کو معنی دیتی ہے۔ یہی وہ سچ ہے جو انسان کی زندگی کو ایک عام کہانی سے اٹھا کر ایک یادگار سبق میں بدل دیتا ہے۔ اور یہی وہ پیغام ہے جو ہر ختم ہوتی سانس ہمیں دیتی ہے۔’’جیو، مگر ایسے جیو کہ تمہارے جانے کے بعد بھی لوگ تمہارے جینے کا طریقہ جینا چاہیں۔‘‘  زندگی مختصر ہے، مگر اثر لامحدود ہو سکتا ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ ہم سانسوں کو گنیں نہیں، سانسوں کو تولیں اور نام کو بڑا کرنے کے چکر میں کردار کو چھوٹا نہ ہونے دیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل