Loading
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو پیغام دیتے ہیں عمران خان سے ملاقات کیلیے ہمیں احتجاج کرنا ہے، اگر کسی نے مظاہرین پر گولی چلائی تو وہ بے غیرت ہوگا اور جو گولی چلانے کا کہے گا وہ بھی بے غیرت ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ورسک روڈ (رنگ روڈ فیز ٹو) فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 800 میٹر طویل اس فلائی اوور کا تخمینہ لاگت 3.2 ارب روپے ہے، پشاور ری وائیٹلائیزیشن پلان کے تحت یہ سب سے بڑا فلائی اوور ہے جو 180 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔
سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے ترقی کے منصوبوں کا افتتاح کررہا ہوں، پشاور میں 200 ارب روپے لگائیں گے۔ وزیر اعلی نے پشتو میں پشاور کی تعریف کی اور کہا کہ ’’پیخور خو پیخور دے کنہ‘‘۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بند کمروں میں فیصلوں کی وجہ سے 80 ہزار لوگ دہشت گردی میں شہید ہوگئے، آج قبائلی اضلاع ، خیبرپختونخوا میں ریاست کی ناکام پالیسی کی وجہ سے دہشت گردی آئی، خیبرپختونخوا کو تجربہ گاہ بنادیا گیا، پختونوں کو کیڑے مکوڑے بنا دیا گیا، 2026ء اور 2027ء کا سال کے پی میں امن و ترقی کا سال ہوگا، اب ہم بند کمروں کے فیصلے نہیں مانیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اجازت کے بغیر سلام کا جواب نہیں دیتے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نہ فون پر بات کرتے ہیں نہ ملاقات کرتے ہیں، جعلی وزیراعظم کہتے ہیں کہ میں پوچھ کر آپ کی بانی سے ملاقات کا بندوست کروں گا، سیکیورٹی فورسز کو بھی پیغام دیتے ہیں ہمیں احتجاج کرنا ہے، اگر کوئی مظاہرین پر گولی چلائے گا تو وہ بے غیرت ہوگا اور جو گولی چلانے کا کہے گا وہ بھی بے غیرت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ گئے ہائی کورٹ گئے اب احتجاج ہمارا حق ہے، قربانی آنے والی ہے پہلا فائر میرے سینے پر آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق بجلی نہیں دے رہا ،ظلم کر رہا ہے، گیس پر بھی وفاق امتیازی سلوک کر رہا ہے، بجلی لوڈشیڈنگ، جان بوجھ کر پختونخوا پر مسلط کی جا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل