Loading
بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شراب نوشی پر والد کی سرزنش سے مشتعل ہو کر ایک بیٹے نے اپنے ہی باپ کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو کے گاؤں کرپانی میں پیش آیا، جہاں 30 سالہ ارجن کرمالی ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے بعد مبینہ طور پر نشے کی حالت میں رات گئے گھر واپس آیا۔
پولیس کے مطابق ارجن کے والد نے اسے شراب نوشی اور نشے کی حالت میں گھر آنے پر سختی سے ڈانٹا اور اس عادت کو خاندان کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ والد کی باتوں پر ارجن غصے میں آگیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق جھگڑے کے دوران ارجن نے گھر میں موجود کلہاڑی اٹھائی اور اپنے والد کے سر پر متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کی شراب نوشی کی عادت پہلے بھی گھریلو مسائل کا سبب بنتی رہی تھی۔ نشے کی حالت میں وہ اپنی اہلیہ پر بھی تشدد کرتا تھا، جس کی وجہ سے اس کی بیوی اسے چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر منتقل ہو چکی تھی۔
واقعے کے بعد گاؤں والوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو کر لیا، اسے گھر کے اندر باندھ دیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی، ملزم کو گرفتار کر لیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل