Loading
پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر صورت حال پر غور کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا۔
کور کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ سیاسی حکمتِ عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی یکجہتی ہے کیونکہ اس وقت آزاد کشمیر شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔
تحریک انصاف نے کہا کہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، طاقت کے استعمال سے قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کو اشیائے خوردونوش کی ترسیل بند ہونے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
کور کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جائے، آزاد کشمیر کی آئینی، جمہوری اور سیاسی شناخت کو مجروح کیا جا رہا اور عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبایا جا رہا ہے جبکہ سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں اظہارِ رائے کی آزادی محدود اور میڈیا پر قدغنیں عائد ہیں، ایسے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے۔ تحریک انصاف نے کہا کہ ہم انتخابات نہیں، کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور حالات معمول پر آنے تک انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں اور انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری سیاسی جدوجہد کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کے لیے جاری رہے گی، پارلیمانی بورڈ کی ٹکٹوں سے متعلق تمام سفارشات فوری معطل کر دی گئی ہیں جبکہ ٹکٹوں کے اجرا سے متعلق تمام امور آئندہ فیصلے تک مؤخر رہیں گے۔
تحریک انصاف نے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول کے بغیر انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل