Loading
کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے نیا ناظم آباد سے اغواء ہونے والے ڈھائی سالہ بچے اذان علی خان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق آذان علی خان کو دو روز قبل تھانہ منگھوپیر کے علاقے سے موٹرسائیکل سوار ملزم مبینہ طور پر اغواء کرکے لے گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 438/2026 بجرم دفعہ 364-A ت پ اور پریوینشن آف ٹریفکنگ اِن پرسنز ایکٹ 2018 کی دفعہ 3(2) کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹھٹہ کے قریب گھارو میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے بچے کی بازیابی ممکن بنائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے معصوم بچے کی بحفاظت بازیابی پر ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، ایس ڈی پی او، ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد اور سی سی فرسٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ واقعے کی شفاف اور جامع تفتیش کو یقینی بنانے اور اغواء میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل