Loading
دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر سیلابی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی جس پر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ پنجند پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 809 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 30 ہزار 559 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب بیٹ احمد، چک کہل، بیٹ بھٹو اور دیگر نشیبی علاقوں کے مکینوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ امدادی ادارے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں ریسکیو اور امدادی اقدامات مزید تیز کر دیے جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل