Loading
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں اور مبینہ مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت مجموعی طور پر 7 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 12-ڈی گلزار سوسائٹی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت شاکر حسین کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔
دوسری کارروائی سپر مارکیٹ پولیس نے لیاقت آباد کے سی ایریا میں کی، جہاں مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی شناخت محمد رضا اور محمد راحیل کے نام سے ہوئی۔
کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ادھر مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جن میں ایک زخمی بھی شامل ہے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم شاہنواز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا گرفتار ملزم عمران کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ایک اور کارروائی میں بہادرآباد پولیس نے کارساز روڈ پر کنگری ہاؤس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان علی سلمان اور وسیم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل