Tuesday, July 28, 2026
 

گلگت بلتستان پورٹ پر کارروائیاں، 317 موبائل فونز، 3540 بوتلیں شراب برآمد

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے گلگت بلتستان کے سلک روٹ ڈرائی پورٹ سوست پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو کامیاب کارروائیوں کے دوران اسمگلنگ کی بڑی کوششیں ناکام بنا دیں اور ان کارروائیوں میں خفیہ طور پر چھپائے گئے 317 موبائل فونز اور ایک کنٹینر سے غیر ملکی ساختہ شراب کی تقریباً 3,540 بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 24 سے 27 جولائی 2026 کے دوران انجام دی گئیں جہاں پہلی کارروائی 24 جولائی 2026 کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں چین سے آنے والے رجسٹریشن نمبرٹی ایم ایس -416 کے حامل ایک پرائم موور کو روک کر اس کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ دوران معائنہ گاڑی کے دروازوں، ڈیش بورڈ اور دیگر حصوں میں انتہائی مہارت سے تیار کیے گئے خفیہ خانے دریافت ہوئے، جن سے مختلف ماڈلز کے 317 پرانے، استعمال شدہ اور ریفربشڈ اسمارٹ موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، ان موبائل فونز کی مالیت تقریباً 7 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے۔ ایف بی آر کے مطابق اس حوالے سے 27 جولائی 2026 کو ایف آئی آر نمبر 01/2026 درج کر لی گئی ہے، اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کی نشان دہی اور گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک علیحدہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی 27 جولائی 2026 کو کی گئی اور پاکستان کسٹمز کے افسران نے سست ڈرائی پورٹ پر موجود ایک زیر التوا کنٹینر کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر چیک کیا، معائنے کے دوران تقریباً 200 کارٹنوں سے 3 ہزار 540 بوتلیں غیر ملکی ساختہ شراب برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق 42 کارٹن سور کے گوشت (Pork Meat) اور دیگر چینی غذائی اشیا بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ غذائی اشیا ایس آر او 237(I)/2019 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درآمد کی گئی تھیں۔ مزید بتایا گیا کہ درآمد ہونے والے ممنوعہ اور خلاف قانون سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 8 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے، تمام درآمد شدہ اشیا کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ان کی تفصیلی فہرست سازی، مالیت کے تعین اور قانونی کارروائی کا عمل قانون کے مطابق جاری ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ سرحدی تجارت اور بین الاقوامی کارگو کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے، رسک پروفائلنگ کے نظام کو مضبوط کیا جائے اور تمام درآمدی و برآمدی کنسائنمنٹس کی جانچ پڑتال قانون اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل