Sunday, August 23, 2026
 

شکستوں کے عادی پاکستانی کرکٹرز ’’غم پروف‘‘ ہوگئے

 



شکستوں کے عادی پاکستانی کرکٹرز ’’غم پروف‘‘ ہوگئے، انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ کے اختتامی لمحات میں خراب پوزیشن کے باوجود ہنستے مسکراتے نظر آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد بھی رویے سے دکھ کا اظہار نہیں ہو رہا تھا، ہارنے سے زیادہ یہ رویہ تشویشناک لگا، مینجمنٹ اب دوسرے میچ سے قبل پلیئرز کے حوصلے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب لارڈز ٹیسٹ میں بھی بابر اعظم کی شرکت یقینی نہیں لگتی، انھوں نے گزشتہ چار روز سے نیٹ پریکٹس نہیں کی، انگلی میں سوجن برقرار ہے، 100 فیصد فٹ ہوئے بغیر میدان میں اترنا یا مزید آرام ان کا اپنا فیصلہ ہوگا، ٹیم پیر کو لیڈز سے لندن پہنچے گی۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈنگلے ٹیسٹ میں تیسرے ہی دن پاکستان ٹیم کو اننگز اور 103 رنز سے بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ نے لیڈز کے اپنے مضبوط قلعے میں مسلسل ساتویں فتح حاصل کی، اب دوسرا ٹیسٹ جمعرات کو لارڈز میں شروع ہوگا۔ پہلے میچ میں بولنگ کیلیے سازگار کنڈیشنز میں پاکستانی پیسرز کامیاب نہ رہے، صرف اسپنر علی عثمان نے ہی بہتر پرفارم کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لیں۔ محمد عباس، خرم شہزاد اور محمد علی کی بولنگ مایوس کن رہی، فیلڈنگ میں بھی مواقع ضائع کیے گئے، دونوں اننگز میں بیٹنگ لائن بدترین ناکامی کا شکار ہوئی، دوسری اننگز تو محض 135 رنز پر ختم ہوگئی۔ اس دوران ٹیم کی خراب پوزیشن کے دوران بھی ڈریسنگ روم میں پلیئرز پرسکون اور ہنسی مذاق کرتے نظر آئے جسے سب نے نوٹس کیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد بھی کھلاڑیوں کے انداز سے ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ انھیں شکست کا کچھ دکھ ہے، حکام کے لیے یہی سب سے تشویشناک بات ہے، ناکامیاں اب ٹیم کے لیے معمول بن چکیں اور پلیئرز کو پہلے سے لگتا تھا کہ ہیڈنگلے میں یہی ہوگا، ٹیم مینجمنٹ اب اس کوشش میں ہے کہ لارڈز ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھاتے ہوئے انھیں خود پر یقین دلایا جائے کہ وہ اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب، کپتان بابر اعظم کی فٹنس کے حوالے سے تشویش کم نہ ہو سکی، وہ اب بھی انگلی کی انجری سے نجات حاصل نہیں کر سکے ہیں، سوجن برقرار ہے، انھوں نے گزشتہ چار دنوں سے پریکٹس نہیں کی، دوسرے ٹیسٹ میں ابھی چند روز باقی ہیں، اس دوران بابر کی فٹنس پر نظر رکھی جائے گی، میچ میں شرکت کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا۔ بابر کی عدم موجودگی میں پاکستان ٹیم کو نہ صرف بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ کپتانی کے حوالے سے بھی مسائل سامنے آئے، سلمان علی آغا اس روپ میں بھی کامیاب نہ رہے، ان کے بعض فیصلوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، بیٹنگ میں بھی انہوں نے بے حد مایوس کیا۔ پہلا میچ تیسرے ہی دن ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں نے گزشتہ روز آرام کیا، پیر کو لیڈز سے لندن روانگی طے ہے، پاکستانی ٹیم منگل کی صبح ساڑھے 9 سے ساڑھے 12 بجے تک پریکٹس کرے گی، بدھ کا سیشن دوپہر ڈیڑھ سے شام ساڑھے چار بجے تک کا ہوگا۔ یاد رہے کہ گرین کیپس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں سب سے آخری نویں نمبر پر ہیں، ٹیم نے ملک سے باہر  مسلسل 8 ناکامیوں کے بعد حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتا تھا، حالیہ برسوں میں ہوم گراؤنڈ پر بھی پرفارمنس مایوس کن رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل