Loading
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی المناک اموات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کا المناک سانحہ انتہائی دلخراش اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہلخانہ کے دکھ کا کوئی مداوا نہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے پمز واقعے کے تناظر میں صوبے کے تمام ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں کسی بھی قسم کے حادثے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجودہ انتظامات اور ایس او پیز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔
محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔ ہسپتال عملے کو ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے تربیت دی جائے اور عملی مشقیں کرائی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو تمام سرکاری ہسپتالوں کی فائر سیفٹی انسپکشن مکمل کرکے جامع رپورٹ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل