Loading
امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے باہر نکل کر حادثے کا شکار ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے بعد رن وے پر قابو برقرار نہ رکھ سکا اور رن وے سے باہر نکل کر پارکنگ ایریا میں گھس گیا اور متعدد گاڑیوں کو گھسیٹتا ہوا لے گیا جن میں مسافر موجود تھے۔
اسی دوران طیارے میں آگ بھی بھڑک اُٹھی جس نے گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایئرپورٹ پر سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے اور افراتفری مچ گئی۔
60 سے زائد فائر اینڈ ریسکیو یونٹس نے آگ بجھائی اور متاثرہ افراد کو بحفاظت نکالا۔ حادثے میں 5 افراد ہلاک اور اتنے ہی شدید زخمی ہوگئے۔
امریکا کے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ بوئنگ 767-300 پر مشتمل ایمیزون پرائم ایئر کی پرواز 7598 پورٹو ریکو کے سان خوان سے میامی پہنچی تھی۔
فائر ریسکیو چیف نے بتایا کہ حادثے کے بعد بعض افراد اپنی گاڑیوں کے اندر پھنس گئے تھے جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی طیارے کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔
تاحال ایوی ایشن حکام نے طیارے میں سوار عملے یا مسافروں کی حتمی تعداد فوری طور پر نہیں بتائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے کئی گھنٹے بعد بھی طیارے سے ایندھن کے اخراج کا مسئلہ برقرار تھا جس کے باعث امدادی کارروائی میں اضافی احتیاط برتی گئی۔
32 سال پرانا طیارہ کارگو جہاز میں تبدیل کیا گیا تھا
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا بوئنگ 767 تقریباً 32 سال پرانا تھا۔
یہ طیارہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک مسافر طیارے کے طور پر استعمال ہوتا رہا جس کے بعد 2015 میں اسے کارگو طیارے میں تبدیل کردیا گیا تھا۔
طیارہ ایمیزون کے لیے کارگو پروازیں چلا رہا تھا تاہم اس کا آپریشن ایمیزون براہ راست نہیں بلکہ 21 Air کے ذریعے کیا جارہا تھا۔
تاہم ایمیزون کی ترجمان کیلی نینٹل نے بتایا کہ اس طیارے کا فلائٹ آپریشن ایمیزون نہیں بلکہ 21 Air کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے مقامی حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
حادثے کی وجہ کیا تھی؟
امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ حادثے سے آگاہ ہے اور تحقیقات سے متعلق مزید معلومات بعد میں فراہم کرے گا۔
دوسری جانب FAA نے بھی حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے کیوں باہر نکلا۔ حکام موسم، طیارے کی تکنیکی حالت، پائلٹ کے اقدامات اور دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل