Monday, September 07, 2026
 

یوکرین جنگ کے دوران روس میں بھارتی انجینئر گرفتار؛ اہلیہ کا ہوشربا انکشاف

 



روس کے دارالحکومت میں ملازمت کے لیے گئے ایک بھارتی انجینئر کی گرفتاری کا معاملہ اب مزید سنگین ہوگیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق چندن گپتا نوئیڈا کی ایک کمپنی میں بطور انجینئر تھے اور اسی کے ذریعے وہ ملازمت کے لیے روسی دارالحکومت ماسکو گئے اور وہاں ریڈ اسکوائر میں اہل خانہ کے ساتھ مقیم تھے۔ روسی سیکیورٹی فورسز نے بھارتی انجینیئر چندن گپتا کو ماسکو کے ریڈ اسکوائر سے ایک دوست آشیش کے ہمراہ حراست میں لیا گیا تھا لیکن تاحال اہل خانہ سے ان کی ملاقات بھی نہیں کرائی گئی۔ ماسکو میں ہی مقیم چندن گپتا کی اہلیہ سنیہا نے الزام عائد کیا کہ حراست کے دوران ان کے شوہر پر یوکرین کے خلاف جنگ میں روسی فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے بقول روسی فوج میں اہلکاروں کی کمی کے باعث غیرملکی شہریوں، خصوصاً بھارتیوں، کو بھی فوج میں شامل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم ان الزامات کے حوالے سے انہوں نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ بھارتی حکومت کی نااہلی اور غفلت سے پریشان سنیہا گپتا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرکے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مدد کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر انجینئر ہیں اور نوئیڈا میں قائم کمپنی کے ذریعے انہیں روس میں ’’ہائیلی کوالیفائیڈ اسپیشلسٹ‘‘ ویزا ملا تھا۔ اتوار کو تقریباً دوپہر ساڑھے 12 بجے گرفتار کیا اور وہ تاحال زیرحراست ہیں۔ روسی فوج میں بھارتی شہریوں کی بھرتی کا معاملہ چندن گپتا کی گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روسی فوج میں بھارتی شہریوں کی بھرتی کا معاملہ پہلے ہی دونوں ممالک کے درمیان تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ 227 بھارتی شہری روسی مسلح افواج میں بھرتی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 139 افراد کو فوج سے فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ 51 بھارتی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ روسی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ روسی فوج میں موجود باقی بھارتی شہریوں کی جلد از جلد برطرفی اور وطن واپسی یقینی بنائی جاسکے۔ بھارت اس سے قبل بھی روس میں ملازمت کے جھانسے میں بھارتی شہریوں کو فوج میں شامل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔ متعدد بھارتی شہریوں کے خاندانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں روس میں ملازمت یا معاونت کے وعدوں پر لے جایا گیا، لیکن بعد میں انہیں روسی فوج سے منسلک کردیا گیا۔ دوسری جانب روسی حکام نے ابتدائی طور پر دونوں پر مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے اور قریب موجود ایک ایمبولینس کے شیشے توڑنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ تاحال دستیاب معلومات میں روسی حکام کی جانب سے اہلیہ سنیہا کے اس الزام کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی کہ چندن گپتا کو فوج میں شامل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل