Loading
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانیہ ورک ویزا فراڈ کیس میں شہری سے 50 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہری سے بھاری رقم ہتھیانے کے الزام میں دو ملزمان محمد عثمان اور بابر حسین کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے اپنے تیسرے ساتھی طارق بشیر کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے شہری کو اس کی اہلیہ کے لیے برطانیہ کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور مجموعی طور پر 50 لاکھ 42 ہزار روپے اور 200 برطانوی پاؤنڈ وصول کیے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ویزا پراسیسنگ کے لیے مبینہ طور پر جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ بھی تیار کیا۔ برطانیہ کے ہوم آفس کی جانب سے ویزا درخواست مسترد ہونے کے باوجود ملزمان نے نہ ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22، بجرم 109 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تیسرے ملزم کے کردار سمیت دیگر پہلوؤں کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے لاہور نے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 18 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران 23 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 30 موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے، ملزمان جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے ذریعے مقامی اور غیر ملکی شہریوں کو منافع کا لالچ دیتے تھے،
ترجمان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر شہریوں سے مالی فراڈ میں ملوث تھے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، تمام ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل