Loading
پاکستان کی معروف میموری ایتھلیٹ اور دو مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرنے والی ایما عالم کو انسانی ذہانت، یادداشت اور ادراکی صلاحیتوں پر مبنی امریکی دستاویزی فلم ’’سپر ہیومن 2: دی ری برتھ‘‘ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کیرولین کوری نے کی ہے۔ اس دستاویزی فلم میں سائنس دانوں، محققین اور غیر معمولی ذہنی و حسی صلاحیتوں کے حامل افراد کو یکجا کیا گیا ہے۔ فلم میں ایسے افراد کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا ہے جو بینائی کے بغیر راستہ تلاش کر سکتے ہیں، جبکہ میموری ایتھلیٹس کی غیر معمولی یادداشت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ اس کے ذریعے یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ آیا ایسی صلاحیتیں صرف چند غیر معمولی افراد تک محدود ہیں یا مناسب تربیت سے انسانی ذہن کی پوشیدہ استعداد کو بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
فلم میں اسٹیم سیل بائیولوجسٹ ڈاکٹر بروس ایچ لپٹن، مصنف گریگ بریڈن، تحقیقاتی صحافی لین میک ٹیگارٹ اور مائیکل برنارڈ بیک وِد سمیت متعدد محققین اور مصنفین کی آرا بھی شامل ہیں۔ ایما عالم کے علاوہ دستاویزی فلم میں چھ مرتبہ امریکی میموری چیمپئن رہنے والے نیلسن ڈیلس اور گنیز ورلڈ ریکارڈ یافتہ اسکاٹ فلینسبرگ بھی دکھائی دیں گے، جو ’’دی ہیومن کیلکولیٹر‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
اپنی اس پیشہ ورانہ کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے ایما عالم نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے پاکستان میں پروان چڑھنے والی ذہنی تربیت کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مطابق غیر معمولی ذہنی کارکردگی نظم و ضبط اور درست تکنیکوں کی مدد سے سیکھی جا سکتی ہے۔
ایما عالم کتاب ’’ماسٹرنگ میموری‘‘ کی مصنفہ بھی ہیں۔ انہوں نے کراچی میں سانیا عالم کی رہنمائی میں یادداشت اور تیز رفتار مطالعے کی مہارتیں حاصل کیں۔ سانیا عالم ادراکی تربیت کے ادارے ’’فیوچرسٹک لرننگ‘‘ کی بانی ہیں۔
ایما عالم کو پہلی مرتبہ 2020ء میں عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی ملی، جب انہوں نے 300 سے زائد شرکا کے درمیان 29ویں ورلڈ میموری چیمپئن شپ جیتی۔ اس کے بعد وہ ذہنی کھیلوں کے مختلف شعبوں میں تین عالمی اعزازات، 21 تمغے اور آٹھ ٹرافیاں حاصل کر چکی ہیں۔ ان کے دو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 15 منٹ میں 410 بے ترتیب الفاظ یاد کرنا اور اسی دورانیے میں 218 ناموں اور چہروں کو ذہن نشین کرنا شامل ہے۔
ذہنی کھیلوں میں ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں انہیں وزیراعظم یوتھ ایکسی لینس ایوارڈ، برطانیہ کے برین ٹرسٹ کی جانب سے گولڈ یوتھ ایویسینا ایوارڈ اور متحدہ عرب امارات کا اعزازی گولڈن ویزا بھی دیا جا چکا ہے۔
’’سپر ہیومن 2: دی ری برتھ‘‘ کیرولین کوری کی سابقہ دستاویزی فلموں ’’سپر ہیومن: دی انویزیبل میڈ ویزیبل‘‘ (2020ء) اور ’’اے ٹیئر اِن دی اسکائی‘‘ (2022ء) کا اگلا حصہ ہے۔ فلم کا پریمیئر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیورلی ہلز میں واقع سبان تھیٹر میں ہوا۔ عالمی سطح پر ریلیز سے قبل اسے 2026ء کے ڈاونچی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور سائنیما انٹرنیشنل سائنس فلم فیسٹیول میں بھی باضابطہ طور پر منتخب کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل