Loading
پولینڈ نے روس پر اپنی فضائی حدود کی دانستہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک روسی نگرانی کرنے والا ڈرون مختصر وقت کے لیے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ واقعے کے بعد یوکرین جنگ کے پولینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک تک پھیلنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً نصف شب سے قبل بتایا کہ ایک ڈرون نے مختصر وقت کے لیے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ ڈرون کو مار گرانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس کے مشرق کی جانب رخ بدلنے اور شہریوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر فائرنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے نجی ریڈیو اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو محض اتفاق قرار دینا مشکل ہے، اس لیے اسے دانستہ کارروائی تصور کیا جا رہا ہے۔ ایک اور نائب وزیر دفاع اسٹانیسلاو وِژیاتیک نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ فضائی حدود میں داخل ہونے والی چیز روسی نگرانی کرنے والا ڈرون تھا۔
ان کے مطابق ڈرون ایک گنجان آباد علاقے کے اوپر پرواز کر رہا تھا اور اسے مار گرانے کی صورت میں اس کا ملبہ شہریوں اور املاک کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔
پولش وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق روسی سفیر کو منگل کی سہ پہر طلب کیا گیا، جہاں انہیں سخت لہجے میں احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ روسی سفارت خانے نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
حالیہ دنوں میں متعدد واقعات نے یوکرین جنگ کے دیگر یورپی ممالک تک پھیلنے کے خدشات کو بڑھایا ہے۔ پولینڈ کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز تین روسی KH-101 میزائل اس کی حدود میں گرے تھے۔
ہفتے کے روز بحیرہ بالٹک میں روسی فوج سے مبینہ روابط رکھنے والے ایک مال بردار جہاز کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ فن لینڈ نے اس واقعے کو ممکنہ طور پر یوکرین کا حملہ قرار دیا۔ اتوار کو یوکرین نے بحیرہ روم میں لیبیا کی ایک بندرگاہ پر روسی بحریہ کے کارویٹ جنگی جہاز کو سمندری ڈرونز کے ذریعے غرق کرنے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب روس نے پیر کے روز نیٹو اور یورپی یونین کے رکن ملک ایسٹونیا پر بھی دشمنانہ اقدامات کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس کے اقدامات کھلی جنگ شروع ہونے کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ بیان ایسٹونیا کی جانب سے روس کے ساتھ زمینی سرحد بند کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔
پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے بتایا کہ میزائل واقعے کے بعد نیٹو اپنے فضائی نگرانی کے نظام کے تحت ایک اے ڈبلیو اے سی ایس (AWACS) طیارہ پولینڈ میں تعینات کرے گا۔
پولینڈ اور ایسٹونیا کے شہریوں نے بھی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وارسا کی رہائشی گریژینا لیوانڈوسکا کے مطابق لوگ ہر صبح خبروں میں یہ دیکھنے کے لیے بے چین رہتے ہیں کہ کہیں کوئی نیا حملہ تو نہیں ہوا۔ ان کا خیال ہے کہ روس یہ دیکھنے کے لیے اشتعال انگیزی کر رہا ہے کہ متعلقہ ممالک اور ان کے شہری کس طرح ردعمل دیتے ہیں۔
دوسری جانب پولینڈ کے بعض شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرحد کے قریب آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فوری طور پر مار گرایا جائے، تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل