Wednesday, November 25, 2026
 

مودی حکومت نے ’کاکروچ‘ پارٹی کے اہم رہنما کو لندن جانے سے روک دیا

 



بھارت میں نوجوانوں کی مقبول ’کاکروچ‘ تحریک کے رہنما سورَو داس کو نئی دہلی ایئرپورٹ پر لندن جانے سے روک دیا گیا۔ وہ برطانیہ کی معروف جامعات میں تحریک اور اس کے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے لیکچرز دینے کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 27 سالہ سورَو داس ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کے مرکزی رہنماؤں میں شامل ہیں۔ مئی میں آغاز کے بعد اس تحریک نے سوشل میڈیا پر لاکھوں کی تعداد میں فالوورز حاصل کرلیے ہیں۔ سورَو داس نے بتایا کہ وہ منگل کی صبح لندن روانہ ہونے والے تھے، تاہم ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں آگاہ کیا کہ ان کا پاسپورٹ حکام کے ریکارڈ میں نشان زد ہے، اس لیے وہ سفر نہیں کرسکتے۔ یہ واقعہ ایک ماہ بعد پیش آیا ہے جب نئی دہلی میں احتجاج کے دوران سیکیورٹی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر سورَو داس کو حراست میں لیا گیا تھا۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سورَو داس نے پیر کی رات سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں لندن جانے سے روک دیا گیا، جہاں آکسفورڈ، کیمبرج، لندن اسکول آف اکنامکس اور ایڈنبرا یونیورسٹی جیسی معروف تعلیمی اداروں نے انہیں کاکروچ تحریک پر گفتگو کے لیے مدعو کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی طلبہ نے ان تقریبات کے انعقاد کے لیے بھرپور کوششیں کی تھیں، لیکن حکومت ان کے ان اداروں میں جانے سے خوف زدہ تھی۔ سورَو داس کو یکم دسمبر کو آکسفورڈ یونین سوسائٹی سے خطاب کرنا تھا۔ کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے جولائی میں امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں بھارت کے وزیر تعلیم کو استعفیٰ دینا پڑا، جسے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے ایک غیر معمولی پسپائی قرار دیا گیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ 2014ء میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت میں انسانی حقوق اور صحافتی آزادی کی صورت حال میں تنزلی ہوئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل