Loading
جمعیت علمائے اسلام نے مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی اور کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے مرکزی رہنماء مولانا حمد اللہ، ضلع شرقی کے صدر مولانا غیاث، ضلع جنوبی کے صدر مولانا نور الحق، ضلع کیماڑی کے صدر فخر الحسن، ضلع غربی کے صدر مفتی محمد خالد، مولانا سمیع سواتی، مفتی محمد لئیق اور دیگر نے خطاب کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی اسعد محمود کی دوبارہ سیکیورٹی فراہم کی جائے، فضل الرحمٰن کے گھر کی ڈرون نگرانی نامنظور ہے، ان کی کردار کشی اور من گھڑت الزامات نامنظور ہیں۔
مقررین نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی سازشیں نامنظور ہیں، مفتی اویس عزیز، قاری افتخار احمد سمیت دیگر کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف شدیداحتجاج کرتے ہیں، جمعیت کے عہدے داران و ذمہ داران کو غیر قانونی نوٹسز کا اجراء نامنظور ہے، سندھ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، قانونیت اور عوام کے عدم تحفظ کے خلاف یہاں جمع ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی کے خلاف اور پولیس کی جانب سے جہاں جہاں سے ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا اور جو جو ایف آئی آر ہمارے جماعت کے کارکنان کے خلاف کاٹی گئی ہے، اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لی جائے اور ہمارے جتنے بھی کارکنوں کو قید کیا گیا ہے، ان سب کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
مقررین نے کہا کہ ہم امن پسند سیاسی جماعت ہیں، انتقامی کارروائیاں بند کرو ہم جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی چاہتے ہیں اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ ہمارے پُرامن احتجاج نے حکمرانوں کو باور کرا دیا کہ سب سے بڑی جماعت جمعیت علمائے اسلام ہے اور آنے والا وقت جمعیت علمائے اسلام کے قائدین اور کارکنان کا ہوگا۔
مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پہلے ایسے قائد ہیں جنہوں نے خود اپنی گرفتاری دینے کا اعلان کیا تاکہ کارکنان کو رہائی مل سکے۔ مقررین نے کہا کہ اگر انتقامی کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو عوامی پُرامن احتجاج ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل