Friday, July 04, 2025
 

عاشورہ سکیورٹی پلان؛ ڈرونز سے نگرانی، اسلام آباد میں پہلی بار موبائل کنٹرول روم قائم

 



ملک میں عاشورہ سکیورٹی پلان کے تحت ڈرونز سے نگرانی کیے جانے کے علاوہ اسلام آباد میں پہلی بار موبائل کنٹرول بھی قائم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر عاشورہ کے موقع پر اسلام آباد میں پہلی بار جدید سہولیات سے آراستہ موبائل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جو موبائل سگنلز کی عدم موجودگی میں بھی فعال رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مجالس اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔ سکیورٹی انتظامات میں ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سیکٹر جی 6 میں واقع مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکزی ہال اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزرا نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے قائم کردہ موبائل کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلال چوہدری نے بتایا کہ عاشورہ سکیورٹی کے لیے 1762 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ 4 داخلی راستوں پر 350 ٹریفک اہلکار بھی موجود ہوں گے تاکہ ٹریفک روانی برقرار رکھی جا سکے۔ عزاداروں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ طلال چوہدری نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کے نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی متحرک ہے، جو مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے سکیورٹی پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 محرم کو عزادار راولپنڈی سے اسلام آباد اور 10 محرم کو اسلام آباد سے راولپنڈی روانہ ہوں گے۔ سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے سیکٹر وائز سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور مجالس و جلوسوں کے لیے مربوط نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رضاکار بھی سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر اپنے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مکمل نگرانی کا نظام فعال ہے۔ دورے کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جیز، چیف ٹریفک آفیسر اور ایس پیز بھی موجود تھے، جنہوں نے موقع پر سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل