Loading
بھارتی آبی جارحیت کے باعث پنجاب میں آنے والے سیلاب میں اب تک 101 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں، 45 لاکھ 70 ہزار افراد اور 4 ہزار 700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے، جب کہ 25 لاکھ 12 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ دریائے راوی ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 47سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے، دریائے چناب میں سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 2489 موضع جات متاثر ہوئے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث 701 موضع جات متاثر ہوئے، دریائے راوی میں سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 1458 موضع جات متاثر ہوئے۔ ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا کہ دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 45 لاکھ 70 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنس جانے والے 25 لاکھ 12 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 392 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں 493 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 422 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں، متاثرہ اضلاع میں ریسکیو وہ ریلیف سرگرمیوں میں 20 لاکھ 19 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگلا ڈیم 93 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے، دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 88 فیصد تک بھر چکا ہے، پونگ ڈیم 94 فیصد جبکہ تھین ڈیم 89 فیصد تک بھر چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ سیلاب میں مختلف حادثات میں 101 شہری جانبحق ہوئے، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ رپورٹ وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ پنجاب کے دریاؤں کی صورتحال کے بارے میں پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ، پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 75 ہزار کیوسک ہے، ہیڈ محمد والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 410.5 فٹ تک ہے جبکہ انتہائی درجہ 417.5 فٹ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق شیر شاہ برج کے مقام پر پانی کا بہاؤ 392.7 فٹ تک ہے جبکہ انتہائی درجہ 393.5 فٹ ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ پل کے مقام پر پانی میں واضح کمی ہوئی جائے گی، دریائے راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 57 ہزار کیوسک اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 83 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 87 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے، پنجاب کے دریاؤں کا بہاؤ نارمل سطح پر آ رہا ہے، دریاؤں کے بالائی علاقوں بارشوں کا سلسلہ رک چکا ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے، راوی جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 12 ہزار کیوسک اور نارمل سطح پر ہے، خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پانی کا بہاؤ 68 ہزار کیوسک اور نارمل سطح پر ہے، دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 61 ہزار کیوسک ہے۔پی ڈی ایم اے ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک اور نارمل سطح پر ہے، دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 31 ہزار کیوسک اور نارمل لیول پر ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ بلوکی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہاؤ 48 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے، وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر محکمے الرٹ ہیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ترجمان واپڈا نے کہا کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار 500 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 46 ہزار 100 کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 32 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 9 ہزار کیوسک ہے، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 75 ہزار 600 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 70 ہزار 100 کیوسک ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 64 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 62 ہزار 100 کیوسک ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 19 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 19 ہزار 700 کیوسک ہے۔ ترجمان واپڈا نے آبی ذخائر کے حوالے سے بتایا کہ تربیلا ریزوائر میں آج پانی کی سطح 1550.00 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ریزوائر میں آج پانی کی سطح 1235.95 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 68 لاکھ ایکڑ فٹ ہے، چشمہ ریزوائر میں آج پانی کی سطح 649.00 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 3 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ ہے، تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 28 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا، اور چشمہ کے مقامات پر دریائے سندھ، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل اور منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد و اخراج 24 گھنٹے کے اوسط بہاؤ کی صورت میں ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ سمیت دیگر مقامات پر پانی کی آمد و اخراج کی تفصیل آج صبح 6 بجے کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل