Saturday, September 13, 2025
 

رونالڈو دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی قرار، میسی کو پیچھے چھوڑ دیا

 



غیرملکی ویب سائٹ نے 2024 میں سب سے زیادہ کمانے والے دس کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی۔ برطانوی اخبار "دی سن" کی رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی قرار پائے ہیں، انہوں نے آمدن کے معاملے میں اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔  رپورٹ کے مطابق 2024 میں سب سے زیادہ کمانے والے دس کھلاڑیوں میں رونالڈو سرفہرست رہے، 40 سالہ پرتگالی فٹبالر نے گزشتہ سال تقریباً 192 ملین پاؤنڈ (72 ارب 28 کروڑ پاکستانی روپے) کمائے جو لیونل میسی کی کل آمدن 99 ملین پاؤنڈ (37 ارب 53 کروڑ پاکستانی روپے) سے تقریباً دگنی ہے۔ گالف کے کھلاڑی جان راہم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے جن کی آمدن 161.32 ملین پاؤنڈ رہی جبکہ میسی تیسرے نمبر پر براجمان ہوئے۔ ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں دیگر بڑے نام بھی شامل ہیں جن میں باسکٹ بال کے مشہور کھلاڑی لیبرون جیمز چوتھے نمبر پر (94.87 ملین پاؤنڈ) اور اسٹیفن کری نویں نمبر پر (75.38 ملین پاؤنڈ) شامل ہیں۔ فٹبال کی دنیا سے بھی کئی بڑے اسٹارز اس فہرست میں موجود ہیں جن میں کائلن ایمباپے چھٹے نمبر پر، نیمار ساتویں اور کریم بینزیما آٹھویں نمبر پر رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رپورٹ کے مطابق لیونل میسی کی آمدن کا بڑا حصہ میدان سے زیادہ میدان سے باہر اسپانسرشپ اور برانڈ ڈیلز سے آتا ہے اور وہ اس فہرست کے صرف دو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کی آمدن کھیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے زیادہ ہے۔ اس کے باوجود وہ رونالڈو سے کافی پیچھے رہے۔ یہ دوسرا مسلسل سال ہے جب رونالڈو دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی قرار پائے ہیں۔ اس سے قبل 2023 میں بھی وہ فوربز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آئے تھے۔ ان رینکنگز میں کھلاڑیوں کی تنخواہ، جیتنے کی رقم اور اشتہارات و برانڈ ڈیلز کو شامل کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فٹبالرز کی بڑی تعداد کا اس فہرست میں شامل ہونا اس کھیل کی عالمی مقبولیت اور خصوصاً سعودی پرو لیگ کی بے پناہ دولت کو ظاہر کرتا ہے، جہاں کئی بڑے اسٹارز اس وقت کھیل رہے ہیں۔ رونالڈو اور میسی دونوں اب بھی شاندار فارم میں ہیں اور آئندہ ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا ممکنہ طور پر آخری بڑا عالمی ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل