Wednesday, October 01, 2025
 

صدر ٹرمپ کا اعلان، کینسر ریسرچ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کیا جائے گا

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بچوں میں کینسر کے علاج اور تحقیق کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا استعمال کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے کینسر ریسرچ سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ AI کے میدان میں چین سے آگے نکل چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت اور سائنسی میدان میں انقلاب لانے کے لیے AI کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف 8 ماہ میں ان کی حکومت نے بے شمار ریکارڈ قائم کیے ہیں اور امریکہ میں اس وقت 17 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری آ چکی ہے۔ صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں صرف ایک ٹریلین ڈالر سے بھی کم سرمایہ کاری آئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ہمیں ہنرمند افراد کی اشد ضرورت ہوگی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو AI اور دیگر مہارتیں سکھانے کے لیے 500 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان افراد کے لیے صحت کی سہولیات کا خرچ نہیں اٹھا سکتے جو غیر قانونی طور پر ملک میں موجود ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کا وژن صرف امریکہ کو اقتصادی طاقت بنانا نہیں بلکہ اسے سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق میں بھی قیادت دلانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ AI کا استعمال کینسر جیسے امراض کے خلاف جنگ میں مثبت اور دیرپا نتائج دے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل