Wednesday, October 01, 2025
 

خطے کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم؛ ایرانی وفد کا اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ

 



اسلامی جمہوریہ ایران کی انسدادِ منشیات پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جس کی قیادت انسداد منشیات پولیس کے چیف بریگیڈیئر جنرل ایراج کاکوند کررہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان منشیات کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بہتر بنانے اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے مشترکہ آپریشنل تدابیر اختیار کرنے اور پاک - ایران سرحد پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر بھی غور کیا گیا۔ تین روزہ مجوزہ پروگرام کے تحت ایرانی وفد وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات، اے این ایف اکیڈمی اسلام آباد، ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ، بحالی و انضمام مرکز کراچی اور پورٹ کنٹرول یونٹ کراچی کا دورہ بھی کرے گا۔ اس دوران وفد پاکستان کے پیشہ ورانہ تربیتی نظام، منشیات کی روک تھام کے اقدامات اور متاثرہ افراد کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لے گا۔ ایرانی وفد نے منشیات کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو مزید بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں ممالک نے خطے کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور سرحدی علاقوں میں مضبوط ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے ایک محفوظ اور منشیات سے پاک خطے کے قیام کے عزم کو دہرایا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل