Loading
انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اضافی 2ارب ڈالر کے ترسیلات زر کی متوقع آمد، حکومت کی 40 کروڑ ڈالر مالیت کے عالمی بانڈز کے اجرا کی منصوبہ بندی اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے رحجان سے درآمدی بل میں متوقع کمی جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو دن بھر ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 26پیسے کی کمی سے 281روپے 5 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی بہتر ہوتے ہی درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف ایک پیسے کی کمی سے 281روپے 30پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے 35 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی، حکومت کی جانب سے 10 سالہ یورو بانڈز کے سرمایہ کاروں کو 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگیوں کا عمل مکمل ہونے اور سیلاب کے باوجود میکرو اکنامک استحکام کی اطلاعات بھی روپے کی قدر میں استحکام کا باعث ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل