Friday, February 13, 2026
 

پاک بھارت ٹاکرا، انڈین کھلاڑیوں کو حکومت نے 'بلو دی بیلٹ' ہدایات دی ہیں، سلمان بٹ

 



قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے 'بلو دی بیلٹ' ہدایات ملی ہیں، جو کھیل کے لیے افسوسناک ہے، ہم پہلے بھی ہاتھ ملانے کے لئے آگے بڑھے تھے، اب بھی یقینا بڑھیں گے۔ سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ کھیل کو ہمیشہ کھیل کی طرح اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا چاہیے اور آگے بڑھنا چاہیے، کیونکہ پوری دنیا اور نئی نسل ان کو دیکھ رہی ہوتی ہے۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس معاملے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیشہ اپنا ہاتھ بلند رکھا ہے۔ انہوں نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم ہمیشہ اپنے ڈگ آؤٹ سے باہر نکل کر فراخدلی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے اور اس بار بھی پاکستان کی یہی کوشش ہوگی۔ بھارتی ٹیم کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے انکشاف کیا کہ انہیں یقین ہے کہ بھارتی کھلاڑی اپنی مرضی سے ایسا نہیں کر رہے بلکہ انہیں اپنی حکومت (مودی سرکار) کی جانب سے 'بلو دی بیلٹ' (غیر اخلاقی) ہدایات ملی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس رویے کو کرکٹ کے لیے انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی چیز میں فیئر پلے نہ ہو تو لوگ کہتے ہیں کہ "یہ کرکٹ نہیں ہے"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کھیل میں اس طرح کا منفی رویہ لایا جائے گا تو یہ نہ تو کرکٹ کے لیے اچھا ہے اور نہ ہی ان شائقین کے لیے جو اس کھیل کو شوق سے دیکھتے ہیں۔ سلمان بٹ کے مطابق کھلاڑیوں کے درمیان تلخی پیدا کرنا کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور سیاست کو میدان سے دور رکھنا چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل