Friday, February 13, 2026
 

خیبرپختونخوا کے سرکاری فنڈز سے کروڑوں روپے نکالے جانے کا انکشاف

 



خیبرپختونخوا کے سرکاری فنڈز سے 3 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار سے زائد رقم جعلسازی سے نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ نے سرکاری فنڈز سے 3 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار 800 روپے کی رقم جعلسازی سے نکلوانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سب ڈویژنل آفیسر (SDO) بلڈنگ ڈویژن اور ایگزیکٹو انجینئر (XEN) بلڈنگ ڈویژن ایبٹ آباد کے جعلی دستخطوں پر مبنی ایک چیک ایبٹ آباد میں فیصل بینک کی ایک برانچ میں پیش کیا گیا۔ مذکورہ چیک کو مقررہ سرکاری مالیاتی کنٹرول نظام، بشمول لازمی پری آڈٹ اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس ایبٹ آباد کی کلیئرنس کے بغیر ہی پراسیس کر لیا گیا۔ یہ چیک ابتدائی طور پر نیشنل بینک آف پاکستان، ایبٹ آباد برانچ کے ذریعے کلیئر کیا گیا، جس کے بعد رقم فیصل بینک، ایبٹ آباد برانچ منتقل کی گئی۔ متعلقہ بینکنگ اداروں کی جانب سے مطلوبہ تصدیقی طریقہ کار اور ضروری احتیاطی جانچ پڑتال کے بغیر یہ لین دین مکمل کیا گیا جبکہ مکمل حفاظتی اقدامات نافذ کیے جانے سے قبل ہی رقم کا کچھ حصہ نکال لیا گیا۔ محکمہ خزانہ نے واضح کیا کہ یہ جعلی لین دین قائم شدہ سرکاری مالیاتی نظم و نسق کے فریم ورک سے باہر اور محکمہ خزانہ کی کسی اجازت، منظوری یا توثیق کے بغیر انجام دی گئی ہے۔  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لازمی مالیاتی کنٹرولز بشمول پری آڈٹ طریقہ کار، خزانہ کی تصدیقی میکانزم اور مفاہمتی (ریکنسلی ایشن) عمل کو نظر انداز کیا گیا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی محکمہ خزانہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ بینکنگ حکام اور متعلقہ دفاتر کے ساتھ رابطہ کیا تاکہ مزید لین دین کو روکا جا سکے، اس بروقت اور مربوط اقدام کے نتیجے میں تقریباً مزید 40 ملین روپے کی رقم منجمد کر دی گئی، جس سے قومی خزانے کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ محکمہ خزانہ نے متعلقہ افسران اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ایبٹ آباد کو فوری طور پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، ایک ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر کو ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ایبٹ آباد کے دفتر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا تاکہ متعلقہ ریکارڈ کو محفوظ بنایا جا سکے اور مزید احکامات تک انکوائری ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جا سکے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات، ذمہ داری کے تعین اور قابلِ اطلاق قوانین و قواعد کے مطابق مناسب تادیبی و قانونی کارروائی کی سفارشات کے لیے باقاعدہ فیکٹ فائنڈنگ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل